Live Updates

تاجر وصنعتکار برادری کا ناقابل تسخیر دفاع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

بھارتی غرور خاک میں ملانے پر آرمی چیف قابل ستائش، معاشی بہتری کیلئے پالیسی ناگزیر، جنید نقی، زبیر چھایا،عظیم علوی، تحسین شیخ، مسعود پرویز

منگل 13 مئی 2025 20:20

�راچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کی سربراہی میں کراچی کی تمام تجارتی تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے پریس کانفرنس میں پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ پاکستا ن پر بھارت حملے کو ناکام بنانے، ٹیکنالوجی کے دور میں عالمی سطح پر پاکستان کو لوہا منوانے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت پاک فضائیہ، بحریہ اور بری افواج کے شکر گزار ہیں۔

بھارتی جارحیت کے باعث شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے حملہ میں شامل دنیا کے بہترین جنگی طیاروں کو چند لمحوں میں گرا کر پہلے ہی برتری حاصل کرلی تھی جس سے دشمن بری طرح بوکھلا گیا۔

(جاری ہے)

اور جب بھارت کا جنگی جنون حد سے بڑھا تو پاکستان کی مسلح افواج کے منہ توڑ جواب نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، اور اسے عالمی سطح پر ثالثی کیلئے مدد مانگنی پڑی۔

اس حملے نے پاکستان کو 1965 کے بعد ایک بار پھر متحد کرنے کا موقع فراہم کیا، ایسے میں پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ نے بھی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور پوری قوم میں اتحاد نظر آیا جس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ پریس کانفرنس میں ڈپٹی پیٹرن ان چیف کاٹی زبیر چھایا، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ، نائب صدر طارق حسین، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عظیم علوی، فیڈرل بی ایریاایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے صدر تحسین شیخ، سائٹ سپر ہائی وے کے صدر مسعود پرویز، ٹینرز ایسوسی ایشن ساؤتھ زون کے چیئرمین دانش امان، فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن کے عرفان سروانہ، وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق صدر کاٹی شیخ عمر ریحان، فرحان الرحمان، شیخ فضل الجلیل، احتشام الدین، سلیم الزماں سمیت کراچی چیمبراور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔

سائٹ سپر ہائی وے کے صدر مسعود پرویز نیکاٹی کا تمام ٹاؤن ایسوسی ایشنز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امن قوم ہیں، بھارتی جارحیت کے وقت بھی تحمل سے دشمن کو باز رہنے کی وارننگ دی، تاہم سالمیت پر حملہ کے جواب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ حکمت عملی اور اپنے سے طاقتور دشمن کو زیر کرنے پر دنیا معترف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بہترین فوج کے طور پر تسلیم ہونے کے باوجود بھی جارحیت کی بجائے دفاعی حکمت عملی اپنائی جس نے ثابت کیا کہ پاکستان کے دفاع کو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ مسعود پرویز نے کہا کہ پاک فوج کی دشمن کیخلاف جوابی کارروائی توقع سے بہتر تھی۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عظیم علوی نے کہا کہ پاکستا ن کی مسلح افواج عوام کی توقعات پر پورا اتری اور پاکستان کا بھرپور انداز میں دفاع کیا جس پر ہمیں اپنے جوانوں اور قیادت پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے حکومت اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشی پالیسی مرتب کرے اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرے تاکہ معیشت مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام تجارتی تنظیمیں ایسے ہی مشترکہ طور پروقتا ًفوقتاً پریس کانفرنس کا انعقاد کرتی رہیں تاکہ حکومت کو بھرپور انداز میں مؤقف پہنچ سکے۔ فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے صدر تحسین شیخ نے کہا کہ پاک فضائیہ کا جواب دشمن کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا، اور ابتدائی چند گھنٹوں میں پاکستان نے دنیا کے جدید ترین جنگی طیارے گرا کر بھارت کو حیران کر دیا۔

اس اقدام سے نہ صرف قوم بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوا۔ ٹینرز ایسوسی ایشن کے رہنما دانش امان نے خطاب میں کہا کہ بھارت کا شکریہ کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر متحد کردیا اور ہمیں دوبارہ ایک قوم بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے سے پہلے ہم مختلف فرقوں اور گروہوں میں تقسیم نظر آرہے تھے لیکن دشمن نے ہمیں ایک بار پھر تمام اختلافات بھلا کر ایک کردیا۔

اس موقع پر قوم کے نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی پیدا ہوا اور وہ نوجوان جو ملک چھوڑ کر جانے کے خواب دیکھ رہے تھے وہ بھی اب ملک و قوم کی خدمت کرنے کا سوچنے لگے ہیں۔ پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور بہترین حکمت عملی سے بھارت کو شکست دی۔ جس سے بھارت کو سبق مل گیا ہوگا، اب وہ پاکستان کا پانی روکنے کی جرات نہیں کرے گا، اب کشمیر کا مسئلہ بھی اجاگر ہوا ہے اور امید ہے کہ مسئلہ کشمیر جلد حل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج کا جذبہ دیکھ کر اب وقت ہے کہ ہم سب اپنا کردار ادا کریں اور جیسے آرمی چیف کی قیادت میں فوج نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ایسے ہی ہم متحد ہوکر ملک کو معاشی طور پر مضبوط کریں۔ انہوں نے پاک فوج کے ان پائلٹس کو سلوٹ پیش کیا جنہوں نے سر پر کفن باندھ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور اسے زیر کیا۔ تقریب سے کاٹی کے ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ جس نے ہمیں فتح نصیب کی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کا شکریہ کہ جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کئے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اور 6 مئی کے درمیان بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں، معصوم بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور خوش ہیں کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں ابتدائی میزائل ان شہیدوں کے نام کئے جن کا خون ہم پر قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے قرآنی آیت سے جوابی کارروائی شروع کی اور واقعی پاکستان کے وفاع کو سیسہ پلائی دیوار بنادیا۔

یہ دنیا کی پہلی جنگ ہوگی جو فجر میں شروع ہوئی اور عصر میں دشمن کو شکست دے کر ختم ہوئی۔ ایسے میں بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا پاکستانی میڈیا نے بہت تحمل سے جواب دیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی قوم سنجیدہ اور امن پسند قوم ہے جو کسی جارحیت پر یقین نہیں رکھتی۔ اس جنگ نے پاکستان کو 1965 کے بعد پھر متحد کر دیا ہے اور نوجوانوں میں وہ جذبہ بھر دیا ہے جو ہم 1965 کی جنگ میں دیکھ رہے تھے۔ تقریب سے کاٹی کے سینئر نائب صدر اعجاز شیخ اور نائب صدر سید طارق حسین نے بھی خطاب کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات