Live Updates

تنازعہ کشمیر مسلسل نظر انداز کرنے سے جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی ہو سکتی ہے،جی اے گلزار

بدھ 14 مئی 2025 16:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ نے ایک بار پھر دونوں ممالک کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، انہوں نے خبردار کیا کہ تنازعہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کرنے سے جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی ہو سکتی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کاجنگی جنون، انتہاپسندی اورہٹ دھرمی خطے میں بسنے والے لاکھوں انسانوں کے لیے تباہ کن اور مہلک ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی جنون نہ صرف غربت اور فاقہ کشی کا باعث بنے گا بلکہ اس سے اسلحے کی دوڑ کو مزید تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ماضی میں کشمیر پر کئی جنگیں لڑ چکے ہیں اور یہ تنازعہ ایک خوفناک جنگ کا باعث بن سکتا ہے جس سے پوری دنیا متاثرہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ تصادم سے ثابت ہوا کہ کشمیر ایک جوہری فلیش پوائنٹ ہے جو بین الاقوامی برادری کے لیے چشم کشا ہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار، باعزت اور منصفانہ حل کے بغیر کوئی امن اور ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ کشمیر نہ تو کوئی سرحدی تنازعہ ہے اور نہ ہی کوئی زمینی جھگڑا بلکہ یہ حق خود ارادیت کا معاملہ ہے، یہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ کی ایک درجن سے زائد قراردادیں ہیں جن میں یہاں عالمی ادارے کی زیر نگرانی آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سب سے پرانے حل طلب تنازعے کا سب سے قابل عمل حل اقوام متحدہ کی ان قراردادوں پرمن وعن عمل درآمد ہے۔

حریت رہنما نے اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی تجویزپیش کی۔ امریکی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے جی اے گلزار نے اقوام متحدہ، عالمی طاقتوں بالخصوص او آئی سی کے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں مدد کریں جو کہ تنازعے کی بنیادی وجہ ہے۔دریں اثناء حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک جعلی مقابلے میں تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پہلے گرفتار کیا گیا اور بعد میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات