Live Updates

پاکستان نے دشمن سے جنگ جیت لی، اب معیشت کی جنگ جیتنے کا وقت ہے، احمد عظیم علوی

اللہ کی نصرت، عوام کی دعائیں اور پاک فوج کی قربانیاں فتح کی ضامن بنی،صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری

بدھ 14 مئی 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے پاکستان کو دشمنوں کے خلاف فتح عطا فرمائی۔ہماری تعداد کم ہونے کے باوجود اللہ کی مدد اور عوام کی دعاؤں سے پاک فوج نے دشمن کو شکست فاش دی۔انہوں نے کہا کہ اب معیشت کی جنگ جیتنے کا وقت ہے۔

ہمیں اقتصادی محاذ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔ انہوں نے حکومت سے اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ بزنس کمیونٹی کو فیصلوں میں شامل کریں تاکہ ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔احمد عظیم علوی کہا کہ بزنس کمیونٹی پر زائد ٹیکسز اور ایف بی آر کے نمائندوں کے دباؤ سے اجتناب کیا جائے اور ون ونڈو آپریشن کی جانب بڑھا جائے۔

(جاری ہے)

بزنس کمیونٹی کو ایک واضح اور آسان نظام فراہم کیا جائے جس کے تحت وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے براہ راست ٹیکس ادا کریں تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ ایسے فیصلے کریں جو بزنس فرینڈلی ہوں۔ شہباز شریف ایک کاروباری پس منظر رکھتے ہیں اور کاروباری طبقے کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کریں گے اور ایف بی آر سمیت دیگر محکموں کی ہراسانی سے بزنس طبقے کو نجات دلائیں گے۔بزنس کمیونٹی صرف ایک بات پر توجہ دینا چاہتی ہے کہ کاروبار کیسے بڑھایا جائے، روزگار کیسے پیدا ہو اور زرمبادلہ کیسے ملک میں لایا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیسے ہم نے جنگی میدان میں دشمن کو شکست دی ویسے ہی ہم معاشی میدان میں بھی کامیاب ہوں گے۔انشاء اللہ پاکستان کو ایک مضبوط اقتصادی طاقت بنائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات