Live Updates

بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں3کشمیری نوجوان شہید کردیئے

محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاںجاری، خطے میں امن و ترقی کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر، حریت کانفرنس

جمعرات 15 مئی 2025 22:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پلوامہ میں 3کشمیری نوجوان شہیدکر دیئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے نادر لورگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں نے ضلع ریاسی کے علاقے بھاگا میں ایک بڑا آپریشن شروع کردیا۔ اسی طرح کا آپریشن ضلع کٹھوعہ کے علاقے گگھوال میں آج دوسرے دن بھی جاری رہا۔ بھارتی فورسز کی طرف سے سری نگر، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام، پلوامہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

قابض بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں اور اہم دستاویزات، فوبائل فون ، لیپ ٹاپ وغیرہ ضبط کر رہے ہیں ۔سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے بھارتی جارحیت کے خلاف ایک موثر جوابی کارروائی پر پاکستان اور پاک افواج کو مبارکباد دی گئی ہے۔ پوسٹر وں میں پاکستانی پرچم کے علاوہ رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو گرانے والے جے 10سی کی تصویربھی موجود ہے۔

آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں لکھا ہے’’’آپریشن بنیان مرصوص،بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف پاکستان کا دندان شکن جواب ،پاکستان نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں، پاکستانی افواج نے بھارتی عسکری صلاحیت کا پول کھول دیا،کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ خطے میں امن و ترقی کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر مکمل طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت سے نہیں بلکہ ایک دیرپا اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو سراہتے ہوئے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھائیں اور خطے کے بہترین مفاد کے لیے کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہمیشہ کے لیے حل کریں۔ ضلع راجوری میں بھارتی پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل نریش کمار پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات