Live Updates

ہم پوری قوم متحد و منظم ہو کر اپنی فوج کے ساتھ لڑنے اور جام شہادت کے لیے تیار ہیں،سمعیہ ساجد

بھارتی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کے پاس اپنی خودمختاری کے دفاع، شہریوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچاتھا

جمعہ 16 مئی 2025 19:15

مظفرآباد/دھیرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کر کے پاکستان کی بہادر افواج نے ہندوستان کا غرور خاک میں ملا دیا جس پر مسلم کانفرنس خواتین ونگ و کارکنان پاکستان آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہے۔ ہماری مسلح افواج پاکستان بری،بحری،اور فضائیہ نے جس طرح بے لگام دشمن کو جواب دیا ہے اس پر قوم کے حوصلے چٹان کی طرف بڑھ گئے ہم پوری قوم متحد و منظم ہو کر اپنی فوج کے ساتھ لڑنے اور جام شہادت کے لیے تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم کانفرنس حلقہ دھیرکوٹ کے زیراہتمام اظہار تشکر اور اظہار یکجہتی مسلح افواج پاکستان زندہ باد عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور تمام افواج کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جن کی بہادری اور انتھک محنت نے اس جنگ میں ہمیں فتح سے ہمکنار کیا۔

بھارتی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کے پاس اپنی خودمختاری کے دفاع، اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچاتھا۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری اور پاکستانی قوم متحد ہے، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں اپنی مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیلئے پوری کشمیری قوم تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہی خطے کا اصل مسئلہ ہے ورنہ بھارت کا فالز فلیگ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مودی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے، ووٹ کیلئے مودی معاملات کو ایٹمی جنگ کی طرف لیجانے سے گریز نہیں کرتا لیکن مودی کو بدترین شکست ہوئی اب وہ کسی کا سامنا نہیں کر پا رہا۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا مطلب ہے مسئلہ کشمیر بھارت کا اندورنی نہیں کثیرالجہتی مسئلہ ہے، مذاکرات کیلئے امریکا اور چین کا بہت اہم رول ہو سکتا ہے۔

ساری قوم ایک اور نیک ہو کر وطن کے دفاع میں کھڑی ہے، قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، افواج پاکستان نے دشمن کو جرات سے جواب دیا، آج مودی پر بھارت میں لعن طعن ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے خفت مٹانے کیلئے دوبارہ کوئی جارحیت دکھائی تو بھرپور جواب دینے کیلئے پاک فوج تیار ہے۔آخر میں سمعیہ ساجد نے کامیاب جلسہ کے انعقاد پر میجر سردار نصر اللہ خان، سردار عثمان علی خان، سردار عرفان عباسی ، راجہ منیر اور انکی ساری ٹیم کو مبارکباد دی ، اور پُر جو ش نعرہ بھی لگائی-
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات