یوم تشکر، وزیراعظم کی پرچم کشائی

پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں بھرپور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، شہبازشریف

جمعہ 16 مئی 2025 21:13

یوم تشکر، وزیراعظم کی پرچم کشائی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف یوم تشکر کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس دور ان وزیراعظم نے پرچم کشائی کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لئے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں بھرپور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی بہادر اور پیشہ وارانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے۔