بی آئی ایس پی کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش

ہماری فوج نے دشمن کو موثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، وزیراعظم کی جرات مندانہ قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں،روبینہ خالد بے نظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جارہا ،پروگرام کے تحت مستحق افراد اور ان کے اہل خانہ کو ہنر سکھائے جائیں گے،چیئرپرسن بی آئی ایس پی

جمعہ 16 مئی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالدنے کہاہے کہ ہماری فوج نے دشمن کو موثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف کی جرات مندانہ قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں،بے نظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے جو مستحق افراد کی بااختیاری اور معاشی شمولیت کی طرف ایک اہم قدم ہے،اس پروگرام کے تحت مستحق افراد اور ان کے اہل خانہ کو ہنر سکھائے جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام جمعہ کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فوج کی عظیم کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور، تمام ڈائریکٹر جنرلز، بی آئی ایس پی کے افسران، عملے اور مستحق خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کی تاریخی فتح کا جشن منا یا، ہماری فوج نے دشمن کو نہ صرف موثر جواب دیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔انہوںنے کہاکہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جرات مندانہ قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں۔انہوں نے بی آئی ایس پی ٹیم کی عزم و ہمت کو سراہا جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں اپنا مشن جاری رکھا اور معاشرے کے محروم طبقوں کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔

اس موقع پر انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ملک میں جوہری پروگرام کے آغاز اور شہید بینظیر بھٹو کو میزائل ٹیکنالو جی متعارف کرانے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے قائد عوام شہید بھٹو کے تاریخی الفاظ تذکرہ کیا کہ ہم ہزار سال لڑیں گے، لیکن ہندوستان کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ آج بھی ہماری قومی رہنمائی کر رہا ہے۔

چیئرپرسن نے اس موقع پر بی آئی ایس پی مستحقین کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے جو مستحق افراد کی بااختیاری اور معاشی شمولیت کی طرف ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی بڑی مانگ ہے،اس پروگرام کے تحت مستحق افراد اور ان کے اہل خانہ کو ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ وہ پاکستان کے اندر یا بیرون ملک بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

سیکرٹری عامر علی احمد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں اور اپنی بہادر افواج پر فخر کرتے ہیں، جس طرح ہماری فوج مادرِ وطن کی سرحدوں کی محافظ ہے، اسی طرح بی آئی ایس پی غربت کے خلاف صفِ اول میں ہے۔ ہم سب اس مشن کی کامیابی کے لیے متحد ہیں۔تقریب میں بچوں نے دلکش ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جو وطن سے محبت اور پاک فوج کو خراج عقیدت کا خوبصورت تھے۔ یہ دن حب الوطنی، قومی فخر، اور ایک خوشحال پاکستان کے نئے عزم کے ساتھ منایا گیا۔