مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی ہونا چاہیے ،کشمیریوں کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھانا ہو گا ،بیرسٹرسلطان محمود

ہفتہ 17 مئی 2025 22:50

سہنسہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی ہونا چاہیے جس میں کشمیریوں کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھانا ہو گا کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری ہی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر بین الاقوامی مسئلہ قرار دیا اور اُن کی ثالثی کی پیشکش سے مسئلہ کشمیر کو دوبارہ عالمی دنیا کے سامنے زندہ کیا ہے،ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ قرار دینے سے بھارت کا کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دینے کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا جس پر انڈین میڈیا اور مودی سرکارتلملا اُٹھے ہیں، ہماری پاک فوج اور پاک فضائیہ نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کی جنگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے جس پر پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخرہے اور ہم پاک افواج کو اس کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنا کر پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی کشمیری عوام پر عرصہ حیات مزید تنگ کر دیا ہے، مودی سرکار ہندوتوا کی پالیسیوں پر گامزن ہو کر اکھنڈ بھارت کے خواب دیکھ رہی ہے لیکن افواج پاکستان نے مودی سرکار کی انتہاء پسندانہ پالیسیوں، جنگی جنون اور اکھنڈ بھارت بنانے کے خواب کو غلط ثابت کرتے ہوئے بھارت کے ایسے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، مودی سرکار کی اس ناکامی پر اب بھارت کی عوام مودی سرکار سے سوال اور نریندر مودی سے استعفیٰ کی مانگ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یہاںسہنسہ میں وزیر مال چوہدری محمد اخلاق کی طرف سے اُن کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گے ایک بہت بڑے استقبالیہ جو کہ بعد ازاں ایک جلسے کی صورت اختیار کر گیا سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر مال چوہدری محمد اخلاق،وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، صدارتی مشیر چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، میئر کوٹلی چوہدری تاج، ممبر ضلع کونسل جمیل چوہان، ممبر ضلع کونسل چوہدری وحید، چوہدری خورشید سلائو، چوہدری نور حسین ایڈووکیٹ، راجہ الیاس، چوہدری فراقت ،چوہدری یونس ورک،سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار،راجہ شکیل ضیاء، سابق ممبر ضلع کونسل سردار ممتاز، چیئرمین معروف، اشفاق ایڈووکیٹ، چوہدری قدر زمان، سردار اسرار، چوہدری غلام حسین ایڈووکیٹ، چوہدری رمضان، چیئرمین راجہ یاسین، سردار ربنواز، ممتاز عزیز، راجہ شاہ نواز ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسئلہ کشمیرکے اصل فریق کشمیری عوام ہیں اور مسئلہ کشمیرکا حل کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر مذاکرات میں کشمیری عوام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور مذاکرات کی میز پر کشمیریوں کو بھی ساتھ بٹھانا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل ممکن ہو سکے۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے پاک بھارت دونوںبڑی ایٹمی قوتیں ہیں ان کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جس سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ لہذا عالمی برادری بالخصوص امریکہ کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے ۔