مظفر آبادبٹراسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)پاکستان ہماری عقیدتوں کا مرکز و محوراور نظریہ پاکستان کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ پاک وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع ہمارا ایمان و عقیدہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لئے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ پڑوسی ملک بھارت نے بزدل دشمنوں کی طرح رات کی تاریکی میں جنگ شروع کی۔
فتنہ اور شرارت کا خاتمہ اور امن کا قیام پاکستان کی پہلی ترجیح ہے۔ ہماری مسلح افواج کا مورال بلند ہے۔ ایٹمی ملک ہونے کے ناطے پاکستان نے ہمیشہ کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ہمیں پاک آرمی اور اپنی نوجوان نسل کی جرات، بہادری اور دلیری پر فخر ہے۔ پاکستان بھر کے آٹھ لاکھ نوجوان سکاؤٹ آرگنائزیشن کی صورت میں ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔
(جاری ہے)
شدید موسمی صورتحال اور جنگی ماحول میں کراچی سے کشمیر اور گلگت سے کوئٹہ تک کے تقریباً چار ہزار بوائے / گرلز سکاؤٹس کا ہزارہ کی سرزمین پر پرامن اجتماع پندرہویں قومی اسکاؤٹ جمبوری کی صورت میں قوم کے لئے باعث طمانیت و افتخار ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر مملکت اور خیبر پختونخواہ اسمبلی میں PML(N) کے پارلیمانی لیڈر اور نوجوانوں کے ہر دلعزیز اعلیٰ تعلیم یافتہ قائد سردار شاہ جہاں یوسف نے پندرہویں قومی سکاؤٹس جمبوری کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے فرمایا کہ سکاؤٹ تحریک کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کی کردار سازی ہے۔ انڈیا کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے دوران بھی سکاؤٹس کا نظم و ضبط امن اور صبر و تحمل کے ساتھ سکاؤٹ جمبوری کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہمارے نوجوانوں کی استقامت کی عمدہ مثال ہے۔ سکاؤٹ قوم کے کردار کی تصویر ہوتے ہیں۔ 1947-48، 1965، 1971 کی جنگوں، 2005 کے زلزلہ، سیلاب اور سانحہ اوجڑی کے دوران ہمارے بوائے سکاؤٹس کی بے لوث قومی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھنے کے قابل ہیں۔
انہوں نے فرمایا سرفراز قمر ڈاھا چیف کمشنر پاکستان بوائے سکاؤٹ ایسوسی ایشن و جمبوری چیف کی قومی خدمات، بالخصوص پاکستان بھر کے نوجوانوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی، قرات و نعت، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سوشل سروسز، فن فیئر، SDGs کی تربیت اور MOP Activities برائے فروغ ملکی و بین الاقوامی امن، بھائی چارہ اور جذبہ مسابقت کے فروغ کے لئے بیسیوں سرگرمیوں کے شاندار انعقاد اور پوزیشن ہولڈر سکاؤٹس اور صوبائی ٹیموں کو ہدیہ تبریک پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے علم میں لایا گیا ہے کہ مسٹر Simon Rhee (صدر ورلڈ آرگنائزیشن آف دی ٹاپ ایچیورز، سابق چیئر پرسن ورلڈ سکاؤٹ کمیٹی، سابق چیئر مین APR سکاؤٹ کمیٹی) کوریا سے پندرہویں قومی سکاؤٹ جمبوری کے افتتاح کے لئے یہاں تشریف لائے اور سرفراز قمر ڈھا صاحب جمبوری چیف کے ہمراہ پندرہویں سکاؤٹ جمبوری کا افتتاح کیا اور ہندوستانی بربریت کے باوجود آپ جمبوری کے دوران پورا ہفتہ جمبوری ایریا میں سکاؤٹ سرگرمیوں کی سرپرستی کے لئے موجود رہے۔
یقینی طور پر سکاؤٹ تحریک میں ان جیسے سینئر لیڈر شپ کا رول ماڈل اور قابل فخر ہے۔ انہوں نے سکاؤٹ کیڈٹ کالج بٹراسی کے لئے مسٹر سیمن ری کی طرف سے ایک ہزار ڈالر ڈونیشن کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اور اس توقع کا اظہار فرمایا کہ پندرہویں سکاؤٹ جمبوری میں شریک سکاؤٹس پاکستان بھر میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ، شہری دفاع، فرسٹ ایڈ، متاثرین جنگ کی بحالی تعلیم و تعلم کی ترویج اور امن کے قیام کے لئے اپنی خدمات کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
انہوں نے فیڈرل ڈائریکٹر جنرل اسٹیبلشمنٹ محمد ندیم، ڈپٹی چیف کمشنر PBSA فیصل دارا نیشنل کمشنر گروتھ آف سکاؤٹنگ آغاز شیراز، نیشنل سیکرٹری پروفیسر نیک اختر، ممبران نیشنل کونسل، پروونشل سیکرٹری صاحبان، صوبائی وفد لیڈرز اور ملک بھر سے پندرہویں قومی جمبوری میں شریک سکاؤٹس کو جمبوری سرگرمیوں میں کامیابی سے ہمکنار پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پندرہویں قومی سکاؤٹ جمبوری کے سیکرٹری عبدالصمد چشتی، جمبوری پروگرام ڈائریکٹر صابر حسین نیازی جمبوری ایڈمن ڈائریکٹر، لیاقت علی اعوان جمبوری سیکرٹریٹ کے ذمہ داران نائب ناظمین توصیف صدیقی، فیصل خان، ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر سید حبیب الدین اور پروگرام کمیٹی کے ممبرز معزز خواتین و حضرات کو غیر معمولی حالات میں انتھک محنت خلوص اور لگن کے ساتھ ملک بھر سے آئے ہوئے جمبوری شرکاء کے لئے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے منظم انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔
سکاؤٹ جمبوری کی اختتامی تقریب میں پروفیسر نیک اختر نے جناب مہمان خصوصی اور معزز مہمانوں کی خدمت میں سپاس عقیدت پیش کئے۔ جناب صابر حسین نیازی (جمبوری پروگرام ڈائریکٹر) بلوچستان سے تشریف لائے اور بہت عمدگی کمال حوصلگی، لگن محنت اور دیانت داری سے جمبوری سرگرمیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران معزز مہمان خصوصی اور مہمانان گرامی کے علاوہ جمبوری پروگرام کمیٹی کے ممبران خواتین و حضرات کی انتھک محنت، لگن اور کمال حوصلگی کی تعریف کی۔
انہیں اپنی نشستوں پر کھڑا کر کے شاباش دی۔ جمبوری ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر لیاقت علی اعوان نے جناب مہمان خصوصی سمیت ورلڈ سکاؤٹ آرگنائزیشن کے سینئر ممبر مسٹر سیمن ری (کوریا) مسٹر سونی کم پرنسپل کیڈٹ کالج بٹراسی (کوریا) محمد ندیم صاحب DG اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان ڈپٹی چیف کمشنر PBSA جناب فیصل دارا پروونشل کمشنر صاحبان و ممبران نیشنل کونسل، پروونشل سیکرٹری صاحبان جمبوری سیکرٹری عبدالصمد چشتی صاحب، جمبوری پروگرام ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو تاریخی الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
اور اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائے کہ شدید سرحدی صورتحال کے باوجود جمبوری کی سرگرمیاں بھرپور انداز مین انجام پائیں۔ انہوں نے مسٹر خرم عسکری انچارج سکیورٹی ٹیم کو ان کے ممبران سمیت مبارکباد پیش کی۔ ملک بھر سے سینئر سکاؤٹ لیڈرز کی قیادت میں تقریباً چار ہزار بوائے / گرلز سکاؤٹس نے عالی حوصلگی اور استقامت کے ساتھ جمبوری سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
انہوں نے پندرہویں قومی جمبوری کے دوران انڈیا کی جانب سے رات کے اندھیرے میں جنگ مسلط کرنے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار فرمایا۔ اور پاک فوج کے آفیسران اور جوانوں کی پامردی و استقامت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا نیز شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض پاکستان بوائے سکاؤٹس کے سینئر لیڈر و جمبوری آرگنائزنگ سیکرٹری عبدالصمد چشتی نے بھرپور ادبی ذوق اور سکاؤٹنگ کی روح کے مطابق انجام دیئے۔
انہوں نے ہزارہ ڈویژن کی سیاسی قیادت بطور خاص وزیر وفاقی مذہبی امور حکومت پاکستان جناب سردار محمد یوسف، ایم این ایز اور ایم پی اے حضرات کمشنر صاحب ہزارہ ڈویژن ڈپٹی کمشنر مانسہرہ، ایس ایس پی مانسہرہ پرنسپل صاحب PSCC بٹراسی ان کے معاونین، جمبوری پروگرام کمیٹی، جمبوری آرگنائزنگ کمیٹی بطور خاص ممبران نیشنل و پروونشل کونسل، پروونشل سیکرٹری صاحبان سب کیمپ چیف صاحبان، ڈپٹی سب کیمپ چیف صاحبان اور پنجاب، سندھ، PIA، پاکستان ریلویز، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے وفد لیڈرز کو جمبوری سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے جمبوری چیف و چیف کمشنر PBSA جناب سرفراز ڈھا کے Uncle کی وفات، جمبوری میں شریک PIA کے بوائے سکاؤٹ ملک عبدالرحمان کے دوران سفر انتقال پر افسوس اور والدین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ جناب فیصل دارا شکوہ ڈپٹی چیف کمشنر PBSA نیشنل سیکرٹری پروفیسر نیک اختر اور ڈائریکٹر انتظامیہ لیاقت علی اعوان نے جمبوری چیف کی جانب سے یادگاری سونیئر جناب سردار شاہ جہاں یوسف کو پیش کیا۔
مابعد جناب مہمان خصوصی نے اپنے دست مبارک سے جمبوری آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران اور سکاؤٹ کیڈٹ کالج کی انتظامیہ کو جمبوری کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات پر یادگاری شیلڈز عطا کیں۔ پندرہویں قومی سکاؤٹ جمبوری کی رنگا رنگ تقریب عطائیگی اعزازات و انعامات دعا اور سکاؤٹ وعدہ کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچی۔ تقریب کے اختتام پر دفاع وطن کے لئے پاک فوج کی تاریخی فتح پر انہیں ہدیہ تبریک پیش کیا گیا اور پاکستان و پاک آرمی کے حق میں فلک شگاف نعروں سے تقریب پایہ تکمیل کو پہنچی۔