Live Updates

پاکستان، چین اورافغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان غیررسمی سہ فریقی ملاقات ، سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے پر اتفاق

بدھ 21 مئی 2025 21:24

پاکستان، چین اورافغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان غیررسمی سہ فریقی ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2025ء) پاکستان، چین اور افغانستان نے سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ اتفاق رائے بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان غیررسمی سہ فریقی ملاقات میں کیا گیا ، ملاقات میں سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا، تینوں ملکوں نے خطے میں امن و استحکام اور انسداد دہشت گردی کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

بیجنگ میں ہونیوالی سہ فریقی ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کی، چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی اور افغان عبوری وزیر خارجہ امیر متقی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں تینوں وزرائے خارجہ نے سہ فریقی تعاون کو علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔

(جاری ہے)

وزرائے خارجہ نے سفارتی رابطوں کو فروغ دینے، تجارت، انفرا اسٹرکچر اور ترقی کے عملی اقدامات کو آگے بڑھانے پر گفتگو کی۔

فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے اور سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا، تینوں وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف مشترکہ عزم اور خطے میں استحکام و ترقی کے فروغ پر زور دیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کا چھٹا باضابطہ دور جلد کابل میں منعقد کیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات