Live Updates

پاکستان کے لوگ اور قیادت اعلیٰ معیار کے حامل ہیں، صدر ٹرمپ دوبارہ پاکستانیوں کے معترف

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر نے پاکستان کی امن پسندانہ پالیسیوں اور قیادت کی تعریف کی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 مئی 2025 11:51

پاکستان کے لوگ اور قیادت اعلیٰ معیار کے حامل ہیں، صدر ٹرمپ دوبارہ پاکستانیوں ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر پاکستانی عوام اور قیادت کے معترف ہوگئے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کی امن پسندانہ پالیسیوں اور قیادت کی تعریف کی، صدرٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اور قیادت اعلی معیار کے حامل ہیں، ہم نے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، پاکستان اور بھارت سے تجارتی معاہدے کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے دعوے کو دوہراتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور انڈیا کے ساتھ کیا کیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں نے کرائی، میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑھتا جا رہا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے میں نے فریقین کے درمیان تجارت کے ذریعے تنازع ختم کیا، میں نے ان کا مسئلہ تجارت کے ذریعے یہ معاملہ حل کیا۔

(جاری ہے)

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی واضح شکست دیکھ کرجنگ بندی کی اپیل کی اور پھر ہٹ دھرمی سے صدر ٹرمپ کو نشانہ بنایا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی ثالثی کا اہم کردار تھا، جسے بھارت جھٹلاتا رہا، بھارت کےجھوٹے بیانیے کو صدر ٹرمپ نے کھلے الفاظ میں رد کرتے ہوئے سچائی دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے بھی پاکستانیوں کی ذہانت اوران کے ناقابل یقین حد تک شاندار اشیاء تیار کرنے کی صلاحیتوں کا برملا اعتراف کرچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتا، ہم تجارت کریں گے، پاکستانی ذہین لوگ ہیں وہ حیرت انگیز اشیاء تیار کرتے ہیں، امریکہ اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے باوجود باہمی تجارت بہت کم ہے، اس حوالے سے پاکستان سے بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات