Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی ملتان اور ڈی جی خان میں شدید ہیٹ ویو کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل

مال مویشی کو سایہ میں رکھنے اور چھتوں پر پرندوں کیلئے ٹھنڈا پانی رکھیں، کاشتکاروں بھائیوں کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 22 مئی 2025 20:02

وزیراعلیٰ پنجاب کی ملتان اور ڈی جی خان میں شدید ہیٹ ویو کے باعث احتیاطی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 22 مئی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ملتان، ڈیرہ غازی خان میں شدید ہیٹ ویو کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ممکنہ ہیٹ ویو پیش نظر متعلقہ ریسکیو اداروں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے بچوں،بزرگوں اور بیماروں کو گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فارمز کو مویشیوں کے لئے سایہ اور وافر پانی مہیاء کرنے کی ہدایت کی اور شدید گرمی میں چھتوں پر پرندوں کے لئے ٹھنڈا پانی رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام سرکاری ونجی اداروں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا اور طلبہ کیلئے تمام کلاس روم میں کم از کم پنکھے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سکول انتظامیہ کوطلبہ کے ڈریس کوڈ میں نرمی برتنے کی ہدایت کی اور سکولوں اور اداروں میں فرسٹ ایڈ باکس کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پر ہجوم بازاروں میں سایہ، او آر ایس ملا پانی، فرسٹ ایڈ کاؤنٹر اور واٹر کولر فراہم کرنے کا حکم اور بس اور ویگن سٹینڈ میں مسافروں کیلئے مناسب سایہ دار جگہ، پانی اور مسٹ فین یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں کاشت کار بھائیوں کو سخت گرمی کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور متعلقہ اضلاع میں ریسکیو 1122 اور ہیلتھ سروسز کو الرٹ رکھنے کا حکم بھی دیا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال سے ہونہار سکالرشپ کی تعداد مزید بڑھانے کااعلان کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب کے سکولوں میں 50ہزار نئے کلاس روم بنانے اور ہر سرکاری سکول میں ٹائلٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چھ ہزار سرکاری سکولوں میں اے آئی اور کمپیوٹر لیب فراہم کرنے کا اعلان کیا اور تمام سرکاری سکولوں میں چیئر، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کی الیکٹر ک بائیکس کے لئے چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر یابرتر دیکھنا چاہتی ہوں۔ میرا وزیر اعلیٰ بننا پنجاب کے تمام بیٹے اوربیٹیوں کے لئے اعزاز ہے۔

بیٹی بہادر ہوتو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔نوازشریف کی بیٹی ہوں جو وعدہ کرتی ہوں پورا کرتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر بچے اور بچی کوآگے بڑھتا دیکھنا میری خواہش ہے۔طلبہ کو تعلیم دینے کے بعد خود روزگار کے لئے وسائل مہیا کریں گے۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی اور ماں کو تو ہر بچے کا احساس ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آسان کاروبار کے لئے ایک لاکھ 10ہزار سے زائد افراد کو 61ارب روپے کے قرضے دیئے جاچکے ہیں۔

آسان کاروبار سکیم کے تحت پنجاب میں تقریباً 55ہزار نئے بزنس شروع ہوچکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی میں پراجیکٹس کی سمری بتانے میں اڑھائی گھنٹے لگے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی محنت ہر طرف نظر آتی ہے۔ صوبائی وزیر راناسکندر حیات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ طلبہ میرا شکریہ ادا نہ کرے لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر ان کا حق ہے۔

پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ سرکاری سکولوں کے بچوں کو اب زمین پر نہیں بیٹھناپڑے گا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ مجھے جیل اور ڈیتھ سیل میں ڈالا گیا، مگر آج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہاں کھڑی ہوں۔سی ایم بننا آسان ہے، مگر عوام کی خدمت محنت طلب کام ہے۔ سی ایم بننے کا مقصد گاڑیوں میں بیٹھنا اور پروٹول انجوائے کرنانہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں وسائل پہلے بھی تھے، پیسہ بھی تھا مگر اب پیسہ عوام پر لگ رہا ہے،جیبوں میں نہیں جارہا ہے۔عوام کے لئے آٹا روٹی اور سبزی وغیرہ سستی کرنے کے لئے محنت کرنا پڑتی ہے۔ دل کرتا ہے مگر ڈیڑھ سال میں کبھی چھٹی نہیں کی۔ ویک اینڈپر چھٹی کروں تو احساس جرم ہونے لگتا ہے۔ جس طرح لیپ ٹاپ میں وائرس کا خیال رکھا جاتا ہے، ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے، کوئی سیا سی وائر س نہ آجائے۔

ہر تقریب میں کہتی ہوں،آپ کے والدین کی محنت کی کمائی ہے، کسی کا آلہ کار بنکراسے ضائع نہ کرے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بچوں سے کہتی ہوں کہ دھرتی ماں کے خلاف کبھی قدم مت اٹھانا۔ بچوں سے یہ بھی کہتی ہوں کہ فتنہ فساد کا ایندھن بننے محفوظ رہنا۔ میرے بچوں ملک کا نقصان اوردھرتی ماں کو شرمندہ نہ ہونے دینا۔ فتنہ فساد والوں کے بہکاوے میں آنے والے آج جیلوں میں پڑے ہیں، ان کے والدین کا سوچ کر پریشانی ہوتی ہے۔

جو 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے کیا، وہی دہشت گرد کرتے ہیں اور وہی دشمن کرتا ہے۔ شخصیات سے اختلاف ہوسکتا ہے،ملک سے نہیں۔ سیاسی جہدوجد میں ہم نے بھی اختلاف کیا، مگر ملک کے خلاف نہیں گئے۔ سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سوچیں کہ شہداء کی یاد گاریں اور عسکری تنصیبات جلانا کہاں کی سیاست ہے؟۔ جس ایئر فورس پرحملے کیے گئے، اسی ایئر فورس نے دشمن کے پانچ طیارے گرا کر نام روشن کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جن وردیوں کو ڈنڈوں پرٹانکا گیا، انہی وردی پوشوں نے ملک کی حفاظت کی۔ جو پاک سرزمین کے غدار ہیں، وہ کسی کے وفادار نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہذب قوم بن کر فیک نیوز کے بارے میں غور کریں۔ آزادی اظہار کے اختیار کو ذمہ داری سے استعمال کریں۔ مرفیک نیوز دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا مہذب لوگوں کا وطیرہ نہیں۔ ہر خبر کی تصدیق کریں، پھر آگے پھیلائیں۔

طلبہ کے ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ قلم اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں فتنہ فساد والوں کے ساتھ نہیں۔ اگلے چار سالوں میں طلبہ کا مستقبل روشن کے لئے ہر اقدام کروں گی یہ میرا وعدہ ہے۔ تعلیم ہی بہتر مساوات قائم کرتی ہے برابری سطح پر سر اٹھا کر جیئیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات