Live Updates

پانی زندگی ہے جنگ کا ہتھیار نہیں، بھارت ریاستی دہشت گردی بند کرے اور بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے، پاکستان

اقوام متحدہ اجلاس میں پاکستانی خاتون سفارت کار نے بھارت کو بے نقاب کردیا، بھارت کی جانب سے گول مول باتیں حقائق کو نہیں چھپا سکتیں، بھارت پہلگام واقعے کی غیرجانبدارتحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے؟، صائمہ سلیم کا کھلے مباحثے میں اظہارخیال

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 مئی 2025 12:30

پانی زندگی ہے جنگ کا ہتھیار نہیں، بھارت ریاستی دہشت گردی بند کرے اور ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مئی 2025)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب صائمہ سلیم نے بھارت کو کہا ہے کہ وہ ریاستی دہشت گردی بند کرے اور بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے، اقوام متحدہ اجلاس میں پاکستانی خاتون سفارت کار نے بھارت کو بے نقاب کردیا، سلامتی کونسل میں کھلے مباحثے کے دوران پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان نے ایک بار پھر گمراہ کن معلومات، انحراف اور انکار کا سہارا لیا ہے۔

بھارت کی جانب سے گول مول باتیں حقائق کو نہیں چھپا سکتیں۔بھارت پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ کی سرپرستی کرتا ہے۔سلامتی کونسل مباحثے میں صائمہ سلیم نے کہا کہ اگر ہندوستان واقعی امن، سلامتی اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر کاربند ہے تو اسے چاہیے کہ وہ ریاستی دہشت گردی بند کرے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا سلسلہ ختم کرے۔

بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور دوطرفہ معاہدات کی پاسداری کرے اور جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کیلئے بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے جیسا کہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہے۔صائمہ سلیم نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پہلگام واقعے کی مذمت کی اگر ہندوستان کے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں تھا تو اسے چاہیے تھا کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدار، معتبر اور آزادانہ تحقیقات پر رضامند ہوتا۔

بھارت پہلگام واقعے کی غیرجانبدارتحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے؟ پہلگام واقعہ کے بعد مودی سرکار کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طورپر معطل کئے جانے کو ہدف بناتے ہوئے صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان نے دریاوں کے بہاو کو روکنے کی کوشش کی ہے جو پاکستان کے 24 کروڑ عوام کیلئے زندگی کی علامت ہیں۔ پانی زندگی ہے جنگ کا ہتھیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 تا 10 مئی کے درمیان بھارت نے پاکستان کیخلاف کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا۔

بلااشتعال حملے کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ان حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ بہیمانہ وارداتوں کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان مسلسل دہشت گرد گروہوں کو مالی اور عملی مدد فراہم کرتا ہے جن میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ شامل ہیں جن کا مقصد پاکستان میں معصوم شہریوں کا قتل ہے۔ 21 مئی کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک سکول بس پر بزدلانہ حملے میں معصوم بچوں کی جانیں لی گئیں اور درجنوں زخمی ہوئے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات