Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے تہران پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

پیر 26 مئی 2025 22:33

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے تہران پہنچ گئے، پرتپاک ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا 2 روزہ دورے مکمل کرکے تہران پہنچ گئے۔وزیر اعظم شہباز شریف تہران میں سعد آباد محل پہنچے، جہاں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ان کا استقبال کیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جبکہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔قبل ازیں، ترک وزیر دفاع یشار گیولر، ڈپٹی گورنر استنبول الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید اور دیگر نے استنبول کے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو رخصت کیا۔

وزیر اعظم نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھرپور تعاون اور حمایت پر ترکیہ کے عوام اور بالخصوص صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی 2 روزہ دورے پر ایران پہنچے ، محسن نقوی تہران میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وفد کو جوائن کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کا وفد آذربائیجان اور تاجکستان بھی جائے گا، وزیراعظم تاجکستان میں ’گلیشئرز کانفرنس‘ میں بھی شرکت کریں گے، یہ کانفرنس 29 مئی کو شیڈول ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کے ترکیہ کے دورے میں ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ترکیہ حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات