لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2025ء) یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے‘ اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا تھا۔یہ دن پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کیلئے یومِ فخر ہے۔ آج پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔میاں محمد نوازشریف نے ہر قسم کے عالمی دبائو‘ دھمکیوں اور ترغیبات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا یا۔
قومی حمیت اور خودداری کا جو مظاہرہ ہم نے 28مئی 1998ء کو کیا تھا‘ 10 مئی 2025ء کو ہم نے اسے ایک بار پھر دہرا دیا ۔پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو ایسا دندان شکن جواب دیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے 27سال مکمل ہونے پر ’’ یوم تکبیر‘‘ کی خصوصی تقریب کے دوران کیا۔
(جاری ہے)
تقریب کا اہتمام ادارہٴ نظریہٴ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا۔ اس تقریب کی صدارت سینئر وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کی۔ پروگرام کے آغاز پر قاری محمد دائود نقشبندی نے تلاوت ‘ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے نعت جبکہ محمد انس نے ملی نغمہ پیش کیا۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ہمت و جرأت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ان کے دور حکومت میں ایٹمی قوت بن گیا۔
قوم کے اندر وہی حمیت‘ جذبہ ‘ولولہ اور خواہشیں پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو قیام پاکستان کے وقت اس قوم میں موجود تھیں۔ مشاہیر تحریک پاکستان نے آزاد وطن کے حصول کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا ۔انہوں نے کہا ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہمارے سب سے بڑے محسن ہیں‘ انہوں نے اپنی خدمات حکومتِ پاکستان کو پیش کیں۔پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو جاری رکھنے میں ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیاء الحق، غلام اسحاق خان اور دیگر کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران ہم نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔ میں اس موقع پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ سارا جنگی پلان مرتب کیا ۔ یاد رکھیں کہ کامیابی اتحاد و اتفاق سے ہی ملتی ہے ۔بھارت ہمارا ازلی وابدی دشمن ہے جو کبھی ہمارا دوست نہیں ہو سکتا۔ ایک ہزار سالہ تاریخ دیکھیں جب بھی ہندو نے حملہ کیا تو پشت پر ہی چھرا گھونپا ہے ‘ انہوں نے آج تک مسلمانوں سے کوئی جنگ نہیں جیتی۔
1857ء کی جنگ آزادی کے بعد انگریزوں نے اقتدار مسلمانوںسے چھین لیا۔ ہندو کو حکومت انگریز دے کر گیا ہے۔ ہم بھارت کو سبق سکھاتے رہیں گے لیکن اس کیلئے قوم کو مضبوط کرنا ہوگا۔ سینئر مسلم لیگی رہنما و جنرل سیکرٹری موتمر عالم اسلامی راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے پر امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان ایک ایسے خطہ میں واقع ہے جس کے اردگرد واقع ممالک ایٹمی قوت ہیں۔
روس اور چین کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں جبکہ بھارت ہمارا دشمن ہے۔ بھارت نے 11مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کیے تو ان کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے تلوار لہرا کر کہا پاکستان اب کشمیر کی بات کرے ‘ بھارتی وزراء نے انتہائی جارحانہ بیانات دینا شروع کر دیے تھے۔ ان کا خیال تھا ہم ایٹمی قوت ہیں جبکہ پاکستان کے پاس ایٹمی طاقت نہیں ہے لہٰذا دونوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہو سکتا ۔
28 مئی 1998ء کو نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان ایٹمی قوت بن گیا۔ ایٹمی طاقت کی موجودگی میں اب کوئی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا ہے۔ وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان مشاہد حسین سید نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے۔ اس دن پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنا لیا اب کسی کی جرأت نہیں کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ۔
بھارت کے خلاف حالیہ جارحیت کا پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا اس میں نیوکلیئر فیکٹر بہت اہم تھا۔11 مئی 1998ء کو جب ہمیں الماتے (قزاقستان) میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کی اطلاع ملی‘تواس وقت میں میاں نواز شریف کے ساتھ تھا۔ انہوں نے پوچھا ’’کیوں مشاہد صاحب کیا خیال ہے‘‘ ۔ میں نے میاں صاحب سے کہا ’’میاں صاحب ہن کڑاکے کڈ دیو۔ یہ ایک اچھا موقع بھارت نے ہمیں دے دیا ہے اور میرا مشورہ ہے کہ آپ کسی کی بھی پرواہ نہ کریں۔
‘‘انہوں نے کہا میں آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں اور ہمیں ایٹمی دھماکے کرنے چاہئیں۔ میں وہ پہلا شخص تھا جس نے میاں صاحب کو ایٹمی دھماکے کرنے کا مشورہ دیا ۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو‘ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ‘جنرل محمد ضیاء الحق ‘غلام اسحاق خان اور میاں نواز شریف کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صدر ایکس مین سوسائٹی جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور
ؐحکومت میں پاکستان نے ایٹمی پروگرام کا آغاز کیا اور تمام تر مشکلات کے باوجود یہ پروگرام جاری رہا اور 28مئی 1998ء کو پاکستان ایٹمی قوت بن گیا۔
پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ہے۔ بھارت نے جب ایٹمی پروگرام کا آغاز کیا اور ایٹمی دھماکہ کر دیا تو انہوں نے کہا بھارت کو حالیہ جارحیت کے دوران شکست وہزیمت اٹھانا پڑی‘ پاک فضائیہ نے ن کے رافیل جہازمار گرائے‘ اس نے بھارت کا غرور اور رعونت خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
صحافی و دانشور سلمان غنی نے کہا کہ یوم تکبیر دراصل یوم عزم ہے‘ اس بات کا عزم کرنا ہے کہ پاکستان کی بقاوسلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور ہم پاکستان کیلئے ہر طرح کی جانی اور مالی قربانیاں دیں گے۔ آج پاکستانی قوم متحد ہے اور جب بھی پاکستان پر مشکل وقت پڑا پاکستانی ایک قوم بن گئے۔22 اپریل سے پہلے کا پاکستان اور 10 مئی کے بعد کا پاکستان بہت بدل چکا ہے۔
22 اپریل سے پہلے پاکستان کے اندر ایک انتشار اور ٹکراؤ تھا لیکن اسکے بعد ایک ہجوم ایک بار پھر قوم بن گئی ہے۔ مودی نے پہلگام میں ایک جھوٹا ڈرامہ رچایا ‘وہ اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے پہلے بھی اس طرح کے ڈرامے کرتا رہا ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی لیکن آپ یاد رکھیں نریندر مودی ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک ذہنیت اور عصبیت کا نام ہے ۔
آر ایس ایس کے قیام کو100 سال مکمل ہو رہے ہیں اور ان کی حالیہ جارحیت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی‘ ان کا خیال تھا کہ وہ پاکستان کو سبق سکھائیں گے لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے جس انداز میں ان کو دندان شکن جواب دیا ان کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔
حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ کشمیری رہنما سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا آج ایک تاریخی دن ہے ‘آج کے دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا ۔ سرپرست نظریہٴ پاکستان فورم سیالکوٹ محمد آصف بھلی ایڈووکیٹ نے کہا ہم اکثر سنا کرتے تھے کہ ایٹمی طاقت نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ۔
حالیہ پاک بھارت جنگ نے اس بات کو ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع واقعی ناقابل تسخیر ہے ۔ صدر نظریہٴ پاکستان فورم میاں چنوں غزالہ شاہین وائیں نے کہا 28 مئی فخر کا دن ہے۔ سیکرٹری ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ناہید عمران گل نے کہا ادارہٴ نظریہٴ پاکستان عوام الناس بالخصوص نسلِ نو کو وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کی خاطر تیار کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا آج کے دن دنیا کی تاریخ میں پہلی بار کسی اسلامی ملک کو ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔