پاکستان ایک مضبوط ایٹمی ملک ہے جو اپنا دفاع کر نا جانتا ہے ،شہدا اور غازی ہمارے ہیرو ہیں،ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،سابق گورنرپنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول

منگل 27 مئی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر)خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی ملک ہے جو اپنا دفاع کر نا جانتا ہے ،مضبوط ا فواج کے بغیر دفاع مشکل ہے ،افواج پاکستان سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہیں ،شہدا اور غازی ہمارے ہیرو ہیں،ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز الحمرا میں کیپٹن سلمان سرور کی برسی کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر کرنا چاہیے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا میں ابھرا ہے۔اٹیمی قوت بننا آسان کام نہیں ،دنیا کے کئی ممالک اٹیمی قوت بننے کی خواہش سینے میں دبائے بیٹھے ہیں لیکن نہیں بن سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت نے پہلگام کا جھوٹا واقع بنا کرہمارے مدرسوں پر حملہ کیا اور نہتے شہریوں کو شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپپگنڈا پوری دنیانے دیکھا ۔ پاکستان نے جب بھارتی جارحیت کا فوری منہ توڑ جواب دیا اور اس کے جدید رافیل طیارے مار گرائے تو اس پر بھارت جنگ بندی کے لئے دوڑا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کیپٹن سلمان سرور شہ کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "شہدا قوم کا فخر اور ہیرو ہیں، کیپٹن سلمان سرور جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ "شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔شہید کیپٹن سلمان سرور نے وطن کے لیے اپنی جان قربان کر کے بہادری اور حب الوطنی کی اعلی مثال قائم کی ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ایسے ہیرو قوم کا سرمایہ ہیں جو اپنی جان کا نذرانہ دے کر ہمیں آزادی اور تحفظ کا احساس دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقا کیلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔

امن کے دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ تقریب میں شہید کے اہلِ خانہ، افسران، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی ، معروف گلوکار ابرارالحق اور سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔