Live Updates

مئی میں دسمبر جیسا موسم، مشہور سیاحتی مقام پر برفباری کا آغاز ہو گیا

حال ہی میں کئی ماہ کی بندش کے بعد سیاحوں کیلئے کھولے جانے والے سیاحتی مقام پر برفباری سے موسم پھر سرد ہو گیا

muhammad ali محمد علی منگل 27 مئی 2025 22:03

مئی میں دسمبر جیسا موسم، مشہور سیاحتی مقام پر برفباری کا آغاز ہو گیا
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2025ء) مئی میں دسمبر جیسا موسم، مشہور سیاحتی مقام پر برفباری کا آغاز ہو گیا، حال ہی میں کئی ماہ کی بندش کے بعد سیاحوں کیلئے کھولے جانے والے سیاحتی مقام پر برفباری سے موسم پھر سرد ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مئی کا مہینہ جسے پاکستان میں سال کے گرم ترین مہینوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، اس گرم ترین مہینے میں بھی ملک کے ایک مشہور سیاحتی مقام پر منگل کے روز برفباری ہوئی۔

آج وادی کاغان کے مشہور سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ بیسر پر برفباری نے اہل علاقہ کو بھی حیران کر دیا ۔ غیر متوقع برف باری سے وادی کاغان اور ناران کا موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے۔ برفباری کی اطلاع ملتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد بابوسر ٹاپ پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ کلاؤڈبرسٹ کا واقعہ بھی پیش آیا ہے جس میں 3 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

پشاور میں شدید گرمی کے بعد کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے ساتھ اندھیرا بھی چھایا رہا۔ پشاور میں طوفانی بارش سے حیات آباد میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، اسپورٹس گراؤنڈ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، بجلی کی لائنیں انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرگئیں، طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

دیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا، دیر لوئر میں تیز بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی پیدا ہوگئی اور بارش کے سبب بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ پبی نوشہرہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش اور ڑالہ باری ہوئی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کی وجہ سے نالیاں اور گلیاں پانی سے بھرگئیں، گرمی کم ہونے پر لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔اسی طرح سوات میں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، تیز ہواؤں کے باعث مینگورہ شہر میں سائن بورڈ اکھڑ گئے، تحصیل کبل، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں بارش اور ڑالہ باری سے آڑو کی باغات متاثر ہوئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات