Live Updates

فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے وزیردفاع سے ملاقات، دفاعی تعلقات کی مضبوطی پر زور

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 مئی 2025 14:23

فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے وزیردفاع سے ملاقات، دفاعی تعلقات کی مضبوطی ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آذربائیجان کے وزیردفاع سے ملاقات کی ہے جس میں دفاعی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) نے آذربائیجان کے شہر لاچین میں میزبان ملک کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف ذاکر اصغر اوگلو سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی حرکیات اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے تہران اسلامی جمہوریہ ایران میں جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں عسکری قائدین نے علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایران پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، اس کے بعد ہونے والا ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں افواج کے درمیان تعاون میں اضافے، مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے مؤثر اقدامات اور سرحدی علاقوں کو تجارت و اقتصادی روابط کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا جو خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات