Live Updates

متحدہ علماء محاذ کے تحت27ویں یوم تکبیر پر سیمینار،ڈاکٹرعبدالقدیر کو خراج عقیدت

پوری قوم اور علماء مشائخ ملکی دفاع و امن و سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ متحد و بیدار ہیں،مقررین کا خطاب

بدھ 28 مئی 2025 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام 27واں یوم تکبیر اسلامی قومی غیرت و حمیت و جوش جذبے کے ساتھ منایا گیا۔محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری کی زیر صدارت نیو سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں ایٹم بم کے خالق محسن پاکستان و ملت اسلامیہ قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آخری دم تک قید و نظر بند اور پابندیوں کی اذیتوں کا شکار رہے۔

محسن ملک و ملت کی نماز جنازہ میں صدر ،وزیراعظم ، آرمی چیف جیسے بڑے قومی مناصب پر فائز اہم شخصیات نے شرکت تک نہیںکی اور افسوس ناک المیہ ہے کہ آج 27سالوں بعد بھی یوم تکبیر پر سرکاری اشتہارات میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام اور تصویر تک لگانا گوارا نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی انتھک محنت ومشقت سے عالم اسلام کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک بنا ۔

بھارت کی پاکستان کے خلاف بار بار جارحیت کی افواج کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کی اصل وجہ پاکستان کا ایٹمی قوت ہوناتھا جس کا سہرا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتا ہے۔ بھارت ،اسرائیل ، امریکہ اور استعماری قوتیں پاکستان کے ایٹمی اسلامی بم سے خوفزدہ ہیں اور ہماری ایٹمی و دفاعی قوت کو ختم کمزور منتشر کرنے کیلئے ملک میں لسانی ،مذہبی ، فرقہ وارانہ فسادات و سازشیں اور دہشتگردی کروا رہے ہیں۔

پاکستان کا ایٹم بم فلسطین و کشمیر کی آزادی کا سبب بنے گا۔ پوری قوم اور علماء مشائخ ملکی دفاع و امن و سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ متحد و بیدار ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم ، شہدائے افواج پاکستان ،شہدائے فلسطین و کشمیر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔سیمینار سے مہمانان خصوصی علامہ عبدالخالق فریدی ٍسلفی،علامہ سید محمد عقیل انجم قادری، علامہ ڈاکٹر سید شمیل احمدقادری حنبلی،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود،علامہ حسن شریفی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مولانامنظرالحق تھانوی،علامہ مرتضی خان رحمانی ، علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی، مولانا مفتی وجیہہ الدین، قاری محمد اقبال رحیمی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک،موٹیویشنل اسپیکر فضائل علی رانا و دیگر نے خطاب کیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات