Live Updates

آزادکشمیرقانون سازاسمبلی اجلاس : بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین، متفقہ ، قراردادوں کی منظوری

جمعرات 29 مئی 2025 22:43

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں وزرا ءحکومت چوہدری عامر یاسین اور محترمہ امتیاز نسیم کی جانب سے پیش کردہ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں ۔وزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس و ریسکیو 1122 چوہدری عامر یاسین کی جانب سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 06 اور 07 مئی 2025 کی درمیانی شب ہندوستان کی طرف سے آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان میں مساجد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی پر زور مذمت کرتا ہے۔

مساجد پر حملہ مودی حکومت کی ہندو تو اسوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ جس میں اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کی یہ جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور دہشت گردی ہے۔ہندوستان کی طرف سے رات کے اندھیرے میں بزدلا نہ جارحیت کے نتیجے میں 06 مقامات پر 26 عام شہریوں جن میں کمسن بچے، خواتین اور عمر رسیدہ اشخاص بھی شامل ہیں کو شہید کیا گیا جبکہ 46 افر اور زخمی ہوئے۔

یہ ایوان ان شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے اور ان متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتا ہے کہ ان کی ہر ممکن مدد اور دیکھ بھال کی جائے گی۔یہ ایوان ہندوستان کی طرف سے سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ، سویلین آبادی اور املاک کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان کی بلا اشتعال فائرنگ سے پانچ شہری شہید ہوئے۔

جن میں ایک پانچ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ہندوستان کا یہ اقدام سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔یہ ایوان ہندوستان کی افواج کی طرف سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنانے اور نوسیری ڈیم کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتا ہے۔ جنگ میں بھی پانی کے ذخیروں اور ڈیمز کو نشانہ بنانے کی عالمی قوانین اجازت نہیں دیتے۔ ہندوستان کا یہ اقدام نہ صرف عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ آبی جارحیت بھی ہے۔

یہ ایوان افواج پاکستان کی طرف سے ہندوستان کو موثر اور بر وقت جواب دینے، ہندوستان کے پانچ جہازوں اور ایک جنگی ڈرون کو مار گرانے، ہندوستان کی پوسٹوں اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو تباہ کرنے پر ان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور اس ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے اور اس خطہ میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کوقراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیر جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن" بنیان مرصوص "کی شاندار کامیابی پر پور ی قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

اس معزز ایوان کی رائے میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ افواج پاکستان کی موجودگی میں دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔یہ اجلاس سپہ سالا مسلح افواج پاکستان سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور حکومت پاکستان کے اس فیصلہ کو سراہتا ہے۔

اس معزز ایوان کی رائے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک سچے، راسخ العقیدہ اور محبت وطن پاکستانی ہیں، ان کی نڈر اور بیباک قیادت میں جس طرح مسلح افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیئے اور بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا، یہ ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور وطن عزیز کے ساتھ گہری محبت کا مظہر ہے۔ جس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

یہ ایوان پاکستان کی بری، فضائی اور بحری افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔بالخصوص یہ ایوان پاکستا ن کے شاہینوں اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر مارشل ظہیر احمد بابر کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ جس طرح پاک فضائیہ نے اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ہندوستان کی مختلف ائر بیسز اورفوجی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیا،جس پر پوری پاکستانی قوم کو اپنے شاہینوں پر فخر ہے۔

یہ ایوان سپہ سالار افواج پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دوٹوک موقف اپنانے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنے پر، ان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔سپہ سالار افواج پاکستان کے اس واضح اور دوٹوک موقف کی وجہ سے کشمیریوں کے حوصلے یقینا بلند ہوئے ہیں۔اس معزز ایوان کی رائے میں حالیہ پاک بھارت جنگ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک فلش پوائنٹ ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا،جنوبی ایشیاء میں پائیدا ر امن کا قیام ناممکن ہے۔

یہ ایوان پہلگام واقع کی آڑ میں کشمیریوں کے مکانات کو مسمار کرنے اور گھر گھر تلاشی کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں کشمیریوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور یہ ایوان اقوام متحدہ، عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، او آئی سی، یورپی یونین اور دنیا کی تمام مہذب اقوام سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی غاصب افواج کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات