Live Updates

بھارتی آبی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق استعمال کرسکتا ہے

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، پاکستان کے سیاسی اور اقتصادی مسائل سے متعلق جماعت کی پالیسیوں پر بات چیت ہوئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 مئی 2025 19:56

بھارتی آبی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق استعمال ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 مئی 2025ء ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جمعہ کی صبح امیر جماعت کے اسلام آباد دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں امیر جماعت نے غزہ میں فوری جنگ بندی،انسانی امداد کی فراہمی، مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل، پاک افغان تعلقات کی اہمیت، پاکستان کے سیاسی اور اقتصادی مسائل کے بارے میں جماعت کی پالیسیوں سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔

ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے جین میریٹ سے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا حق استعمال کرسکتا ہے۔ ملاقات کے موقع پر ڈائیریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی اور برطانوی سفارت کار کورمیک ڈریلین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مزید برآں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے سینیٹر مشتاق احمد خان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعہ کے روز منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ سینیٹر مشتاق کو اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا، قبل ازیں ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ امیر العظیم نے کہا کہ مغربی ممالک میں غزہ کی حمایت میں مظاہرے ہورہے ہیں اور عوام اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کررہے ہیں اور یورپ اور امریکہ کی حکومتوں کو ان مظاہرین کے خلاف کسی قسم کا ایکشن لینے کی جرات نہیں، وہاں آزادی اظہار ہے تاہم پاکستان جسے غزہ کا پشتیبان ہونا چاہیے اور جسے صہیونی مظالم روکنے کے لیے عملی قدم اٹھانا چاہیے وہاں اسرائیل کے خلاف پرامن احتجاج تک کی اجازت نہ دینا سوالیہ نشان ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اسرائیل کی امریکی پشت پناہی کی مذمت تک کرنے کی جرات نہیں کرتے اور نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا بھی یہی حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت واشنگٹن کے خوف میں مبتلا ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
امیرالعظیم نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور امت کے جذبات کی ترجمانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، ریاستی جبر اور ہتھکنڈوں سے انہیں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے سے نہیں روکا جاسکتا، سینیٹر مشتاق، ان کے اہل خانہ اور کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات