Live Updates

پی پی 52 ضمنی الیکشن؛ پی ٹی آئی پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر اندر ٹھپے لگائے جانے کا الزام

پنجاب پولیس کی جانب بدترین دھاندلی جاری ہے جہاں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا؛ ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 جون 2025 14:24

پی پی 52 ضمنی الیکشن؛ پی ٹی آئی پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر اندر ٹھپے ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر اندر ٹھپے لگائے جانے کا الزام عائد کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پی پی 52 سمبڑیال میں آج پولنگ کے دن ہمارے امیدوار فاخر نشاط گھمن کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکال کر پولیس مار پیٹ کر رہی ہے، بہت سی جگہوں پر پولنگ ایجنٹوں کو اینٹوں اور پتھروں سے مارا گیا ہے، پی پی 52 سمبڑیال پولنگ اسٹیشن لوپووالی پنجاب پولیس کی جانب بدترین دھاندلی جاری ہے جہاں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یو سی بدوکی گاؤں رالیوکی اور کھرولیاں میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر اندر ٹھپے لگائے جا رہے ہیں، ضمنی الیکشن کے لیے جاری پولنگ کے دوران 30 سے 35 ڈنڈا بردار مبینہ پولیس والے پولنگ سٹیشن کے اندر گھس گئے اور پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ کو دھکے مار کر زبردستی پولنگ سٹیشن سے باہر نکال کر اندر سے تالا لگا دیا، الیکشن چھیننے کی اس کوشش کو خان کے جانثار ہر قیمت پر ناکام بنائیں، سب کو ہی ہدایت کی جاتی ہے کہ ہر چیز الیکشن کمیشن کے سیل یا ان کی ہیلپ لائن پر رپورٹ کریں، اگر فون نہ ملے تو ان کی ویب سائیٹ سے ای میل لے کر ہر واقعے کو رپورٹ کریں، پولیس ہیلپ لائن پر بھی سب رپورٹ کریں تاکہ ریکارڈ رہے، جن دوستوں کی زمہ داری پولنگ کی حفاظت ہے وہ بھی ہمت کریں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185 ہے یہاں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 725 ہے اور ایک لاکھ 39 ہزار 460 خواتین ووٹرز ہیں، حلقے میں 38 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 11پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، پی پی 52 کی نشست ن لیگ کے ایم پی اے ارشد وڑائچ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جہاں اب ضمنی الیکشن میں ن لیگ سے حنا ارشد، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط اور پیپلز پارٹی کے راحیل کامران چیمہ میدان میں ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات