Live Updates

ملک میں ڈکٹیٹرشپ قائم ہے جس نے 8 فروری کے جھوٹے الیکشن کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، سلمان اکرم راجہ

جمہوریت پر ڈاکہ ہماری عزت نفس پر ڈاکہ ہے ہمارے بطور انسان وجود پر ڈاکہ ہے، پہلے 8 فروری اور کل سمبڑیال میں اس پر حملہ کیا گیا، کل پھر ہمیں چیلنج ملا کہ آپ غلام ہو؛ سیکری جنرل پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 16:23

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ آج ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم ہے اور اس ڈکٹیٹر شپ نے 8 فروری کے جھوٹے الیکشن کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، قوموں کے فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں عدالتوں میں نہیں اس لیے بلآخر پاکستان کی قوم کے فیصلے بھی سڑکوں پر ہی ہوں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس وقت ووٹ چوری کے سانحہ سے گزر رہی ہے ووٹ جب چوری ہوتا ہے تو پوری قوم کے خلاف عمل ہوتا ہے، ووٹ کے ذریعے ہی عوام ریاست سے جڑی ہوتی ہے لیکن اب تو فارم 45 ہی بے معنی ہو گئے ہیں 8 فروری کو ابھی یہ کچے تھے دھاندلی کے طریقے سیکھ رہے تھے اس لیے غلطیاں ہوئیں لیکن اب یہ ماہر ہو چکے ہیں، اب تو فارم 45 پہلے ہی جیبوں میں تھے جس وقت آر او کے دفتر کو گھیرے میں لیا گیا تھا الیکشن اسی وقت بے معنی ہو گیا، گزشتہ روز ہماری طرف چیلنج پھینکا گیا ہے کہ کیا تم انسان نہیں ہو یا انسان ہو کیا تم غلام ہو یا آزاد ہو، بحیثیت قوم فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم ریوڑ ہیں، بھیڑ بکریاں ہیں، قبرستان کے باسی ہیں، لاشیں ہیں یا زندہ انسان ہیں۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ جمہوریت پر ڈاکہ ہماری عزت نفس پر ڈاکہ ہے ہمارے بطور انسان وجود پر ڈاکہ ہے، پہلے 8 فروری اور کل سمبڑیال میں اس پر حملہ کیا گیا، پاکستان میں الیکشنز کی تاریخ تابناک نہیں، کہیں پر بھی آر او کو عوام یا امیدوار اغوا نہیں کرتے بلکہ یہ ٹرینڈ اہلکار ہی ہوتے ہیں جو یہ کاروائی کرتے ہیں، ہمیں ریاست سے اسی لیے بات کرنی ہے کہ جب تک جمہوریت بحال نہیں ہوگی تب تک ریاستی وسائل کا ایسے ہی غلط استعمال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہسپتالوں میں صحت نہیں ملتی، 15 سال کے بچوں تک پاکستان کے 40 فیصد بچوں کی عمر کے حساب سے گروتھ نہیں ہے دماغ سکڑے ہوئے ہیں، اس کی وجہ 78 سال سے ملک میں جمہوریت کا نہ ہونا ہے چھوٹے سے وقفے کے لیے جمہوریت آئی قوم نے سانس لیا تو گلہ گھونٹ دیا گیا، سندھ میں ہاری آج خوفزدہ ہے کہ اس کا پانی چھین لیا جائے گا اس کی وجہ یہ ہے کہ جمہوریت نہیں ہے ڈھونگ ہے ورنہ ممکن ہی نہیں تھا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے سے پہلے عوام کے نمائندوں کو اعتماد میں نہ لیا جاتا۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہماری جدوجہد جہاد ہے پاکستان کے لیے جہاد ہے ہماری اپنی عزتوں کے لیے جہاد ہے چادر چار دیواری کے لیے جہاد ہے اور ہم نے جیتنا ہے، عمران خان کی آزادی میں ہماری قوم کی فلاح ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم عمران خان کو آزاد کروائیں عمران خان ہمارے بچوں کے لیے قید ہے عمران خان 2 سال تو کیا آنے والے 2 سال اگلے 2 سال بھی جیل رہنے کو تیار ہے لیکن ڈیل نہیں کرے گا، یہ جھوٹ کا نظام ہے یہ فریب کا نظام ہے یہ کفر کا نظام ہے آپ نے ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم نے اس کفر کے نظام کو قبول کرنا ہے یا آواز بلند کرنی ہے اور ہم ہر سطح پر اس نظام کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات