لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا26 واں اجلاس کا انعقاد ہوا،جس میں101 ایجنڈا پوائنٹس پر غور کیا گیا۔عوام کو ریلیف کیلئے وزیراعلی مریم نوازشریف نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی مریم نواز کے حکم پر ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہیں،ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔
(جاری ہے)
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سمبڑیال کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ80 فیصد دیہی صوبائی حلقے میں بھاری اکثریت سے کامیابی وزیراعلی مریم نوازشریف کی پالیسیوں پر کاشتکار کا اظہار اعتماد ہے۔سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کی بہت بڑی تعداد نے ووٹ کاسٹ کیا۔دیہی اور شہری علاقوں میں مسلم لیگ (ن) کوریکارڈ تعدامیں ووٹ ملنا وزیراعلی مریم نواز کی اصلاحات کی توثیق ہے۔
مریم نواز نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق اور معاون خصوصی ذیشان ملک کی کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے اقدامات اور پراجیکٹس کی وجہ سے عوام نے بڑھ چڑھ کر ووٹ دیئے۔معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ لوگ گھروں سے خود جوق در جوق نکلے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیئے۔ وزیراعلی مریم نواز نے لیہ میں ہسپتال اور روڈز کی بہتری پر وزیر صحت، وزیر مواصلات اور سیکرٹریز کو شاباش دی۔
وزیراعلی مریم نواز نے لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاوسنگ فاونڈیشن کو400 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔پی جے ایچ ایف،لاہور پریس کلب ہاوسنگ سکیم فیزII کیلئے کی اراضی کیلئے روڈا کو ادائیگی ہوگی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکج دینے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کے 5لاکھ 14ہزار کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہوچکی ہے۔گندم کے مزید پانچ لاکھ کاشتکاروں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائے گی۔ کسان کارڈ کے ذریعے دوسرے مرحلے میں 63 ارب مہیا کئے گئے اور کاشتکاروں نے 18ارب روپے کی کھاد خرید لی ہے۔ کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025 کی منظوری دے دی۔
پنجاب کی پہلی ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ویپنگ (Vaping) سنٹر بند کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نواز نے مزدوروں اور کارکنوں کے لئے سیفٹی گیئر یقینی بنانے کا حکم دیا اورلیبر ڈیپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کیلئے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ سونپ دیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ مزدور پانچ منزلہ عمارت سے گر کر مر جاتے ہیں،حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔گٹروں میں صفائی کیلئے اترنے والے ورکرز کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔صوبائی کابینہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کیلئے راشن کارڈ کی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب کے نو ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلی مریم نواز نے تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025 کی منظوری دی گئی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا۔کابینہ نے لاہورمیں پاکستان کا پہلا نوازشریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔
پانچ ہزار کنال پر مشتمل میڈیل ڈسٹرکٹ میں بلڈ ڈیزیز،بون میرو اور دیگر تمام سپیشلائزڈ سنٹر بنیں گے۔نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پارکس، ہوٹل، فوڈ کورٹ، پلے ایریا اور اربن فارسٹ بھی قائم ہوں گے۔نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کیلئے عالمی شہرت یافتہ ادارے نے رابطہ کر لیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے تمام سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا۔
40ارب روپے سے ہر سکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔صوبائی کابینہ نے لاہور میں 1100بلاسود الیکٹرک ٹیکسی کی فراہمی کی منظوری دی۔اجلاس میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کیلئے پنجاب کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی گئی۔اٹک ڈسٹرکٹ کورٹس میں حملے میں جاں بحق ہونے والے ورثا کیلئے سپیشل گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔
چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سونرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹورازم کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور میں بس شیلٹرز کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے اسٹیشن پرالیکٹر ک بسوں کے لئے ڈپو بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں فلور ملوں اور فوڈ گرینز لائسنس ہولڈرز کی معاون کے لئے 100ارب روپے چیف منسٹر پنجاب سپیشل فنانسنگ فیسلیٹی کی منظوری دی گئی۔
کاشتکار کی سہولت کے لئے الیکٹرانک ویئر ہاوس ریسیٹ سسٹم (EWR)کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (P-TEVTA) کی سالانہ رپورٹ برائے2022-23 پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت قائم کی جانے والی ایجنسیوں کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ میں Measurement Book کی منظوری دی۔ پنجاب سینئر سٹیزنز ویلفیئر بل 2025 کی منظوری دی گئی۔ریفلیکٹو نمبر پلیٹس کی فراہمی کے لئے پنجاب موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔پنجاب میں پرسنلائزڈ وینیٹی پلیٹس (PVP) کے اجرا کی منظوری / ریزرو پرائس اور ٹرانسفر فیس کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی۔
محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کے افسران/اہلکاران اور مخبروں کیلئے انعامی نظام کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پرائس کنٹرول آف ایسینشل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں معدنی وسائل کے شعبے کے ریگولیٹری فریم ورک میں ہم آہنگی کیلئے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تکنیکی معاونت کیلئے سروس لیول ایگریمنٹ کی منظوری دی گئی۔
پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل 2025 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تحلیل اور پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 کے تحت ایڈمنسٹریشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ لاہور کے افسران کیلئے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن الاونس کی منظوری دی۔
پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی۔ لاہور کو ماحولیاتی طور پر پائیدار بنانے کیلئے گرین ایریاز کی ڈویلپمنٹ کے ذریعے سموگ کے تدارک کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اوقاف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے انتظام کے لئے قانونی فریم ورک ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی۔ رحیم یار خان میں واٹر لاگنگ اور زمین کے کٹائو کے مسائل کے حل کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
لکھوڈیر لینڈ فل کے اخراجات کو کاربن کریڈٹس میں تبدیل کرنے کی سکیم کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب عوامی آگاہی اور معلومات کی ترسیل ایکٹ 2025 کی منظوری دی۔ پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نوتشکیل کی منظوری دی گئی۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت چلنے والے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کیلئے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔
سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج، گوجرانوالہ اور ساہیوال میڈیکل کالج، ساہیوال کیلئے بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کے ٹرشری کئیر ہسپتالوں میں فرنیچر اور سامان کی خریداری کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور ریونیو اتھارٹیز کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے لئے مفاہمتی یادداشت(MoU) کی منظوری دی گئی۔
پنجاب ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کے نفاذ اور پنشن فنڈ منیجر معاہدے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سبسیڈری ٹریژری رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرری یا ملازمت کی صورت میں پنشن کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے گرانٹ اِن ایڈ پالیسی 2025 کے تحت تجاویز کے جائزے کیلئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔ پنجاب میں گاڑیوں پر لگانے کیلئے ریٹرو ریفلیکٹڈ نمبر پلیٹس کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کے ملازمین کیلئے خصوصی الاونس کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ڈیلیگیشن آف فنانشل پاورز رولز 2016 کے تحت سیکرٹری محتسب پنجاب کے عہدے کو فرسٹ شیڈول پارٹ-I میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ مالی سال 2024-25 میں فیلڈ سٹاف کیلئے برانڈڈ کسٹمائزڈ موٹر سائیکلوں کی خریداری کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ رمضان بازاروں2022 کی بقایا ادائیگیوں کی ادائیگی کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
عدالتی حکم کے مطابق ڈگری شدہ رقم کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب پبلک پروکیورمنٹ رولز2014 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ عالمی بینک کی معاونت سے چلنے والے منصوبے پنجاب کلین ایئر پروگرام (PCAP) کی منظوری دی گئی۔ محکمہ زراعت اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا / مارگلہ ہیوی انڈسٹریز لمیٹڈ کے مابین20 کوماتسو بلڈوزرز کے کنٹریکٹ کی بحالی کی منظوری دی گئی۔
محکمہ زراعت اور گرین کارپوریٹ انیشی ایٹوز (GCI) کے درمیان ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ سیف جیلز پنجاب اقدام کی منظوری دی گئی۔ توقیر احمد ناصر کی بطور چیئرمین پنجاب فلم سنسر بورڈ مدت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی دوبارہ تشکیل کی منظوری دی گئی۔ پنجاب لیبر اپیلٹ ٹربیونل نمبر I لاہور میں رکن کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
گاوں سترہ، تحصیل ڈسکہ، ضلع سیالکوٹ میں 3.3 کلومیٹر طویل مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی منظوری دی گئی۔ رواں مالی سال 2024-25 کے دوران ضمنی گرانٹ کے ذریعے پنجاب میں 4 نئے سہولت بازاروں کے قیام اور 32 ماڈل بازاروں کی سولرائزیشن کے لئے1.7 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری کیلئے معاملہ کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات میں پیش کرنے کی اجازت کی منظوری دی گئی۔
لاہور کے 15 ہاٹ اسپاٹ مقامات پرسہولت آن دی گواسکیم پر عملدرآمد کیلئے رواں مالی سال 2024-25 کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری کیلئے معاملہ کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات میں پیش کرنے کی اجازت کی منظوری دی گئی۔پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کی ازسرنو تشکیل (ری اسٹرکچرنگ) کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ڈیلیگیشن آف فنانشل پاورز رولز 2016 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
مالی سال 2024-25 کیلئے فلیگ شپ منصوبے کیلئے 2.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی تنظیم نو (ری آرگنائزیشن) کی منظوری دی گئی۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (PBIT) میں35 نئی آسامیوں کی بھرتی اور ادارے کے نظرثانی شدہ آرگنوگرام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی (PFSA) میں بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
لاہور والڈ سٹی اتھارٹی میں16 خالی آسامیوں پر بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب میں خالی آسامیوں پر بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی کی درخواست کی منظوری دی گئی۔ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں اسٹیٹسٹیکل اسسٹنٹ کے عہدے کو BS-15 سے BS-16 میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے یونیورسٹی آف رسول،منڈی بہاؤالدین کیلئے بھرتیوں پر عائد پابندی سے استثنی کی منظوری دی۔
پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ میں35 نئی آسامیوں کی بھرتی اور ادارے کے نظرثانی شدہ آرگنوگرام کی منظوری دی گئی۔ پنجاب لیبر کورٹ نمبر IX، ملتان کے پریزائیڈنگ آفیسر کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ MDCAT-2025 کے انعقاد کیلئے ایڈمٹنگ یونیورسٹی کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں گورنمنٹ نومینی ڈائریکٹر کے طور پر سیکرٹری اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرپرسنز، سیکرٹریز اور کنٹرولرز آف ایگزامینیشن کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے 25ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی منظوری دی گئی۔مختلف افراد کیلئے میڈیکل اخراجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ریٹائرڈ سرکاری آفیسر کی اہلیہ کے نجی ہسپتال سے حاصل کردہ علاج کو خصوصی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری کی درخواست منظوری دی گئی۔کینسر کے مریض ہدایت اللہ ولد سعیدہ بیگم ساکن ضلع گلگت کے علاج معالجے کی منظوری کی درخواست کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں عظمی رشید، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے میڈیکل اخراجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔