Live Updates

نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے مشاورت شروع، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ دیا

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے علاوہ سندھ سے ممبر نثار درانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی بھی اپنے عہدے کی مدت پوری کر چکے ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 14:35

نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے مشاورت شروع، وزیراعظم نے اپوزیشن ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) ملک کے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے مشاورت شروع کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اور سندھ و بلوچستان کے 2 ممبران کی تقرری کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان کو خط لکھ دیا،وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے نام خط میں الیکشن کمیشن آف پاکستان مین نئی تعیناتیوں سے متعلق مشاورت کیلئے وقت مانگا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ رواں برس 27 جنوری 2025ء کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، سندھ سے ممبر نثار درانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی اپنے عہدے کی مدت پوری کر چکے ہیں، ان کی جگہ نئی تعیناتیوں کے لیے سب سے پہلے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوگی، دونوں کی جانب سے نام تجویز کیے جائیں گے، عام طور پر 3 نام تجویز کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اگر تینوں میں سے کسی ایک نام پر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مابین اتفاق ہو جائے تو پھر وہ متفقہ نام بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کیلئے صدر مملکت کو ارسال کردیا جائے گا، جس کے بعد 26ویں ترمیم کی روشنی میں صدر نے 10 دنوں کے اندر تعیناتی کرنی ہوتی ہے بصورت دیگر معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو چلا جائے گا، تاہم اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت کے بعد اتفاق رائے نہ ہو سکے تو پھر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین میں سے پارلیمانی کمیٹی بنائی جاتی ہے، اس میں اتفاق رائے یا پھر اکثریتی رائے والے فیصلے کے تحت تجویز کردہ نام کی تعیناتی ہوگی۔                                                          
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات