Live Updates

حیدرآباد میں گوٹھ آباد اسکیم کے ذریعے زمین کے مالکانہ حقوق تقسیم کرنے کی تقریب

بدھ 4 جون 2025 21:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) حیدرآباد میں گوٹھ آباد اسکیم کے ذریعے مستحق اور غریب خاندانوں میں زمین کے مالکانہ حقوق تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے کی، جو پارٹی قیادت کے احکامات کی روشنی میں اس اسکیم پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ خوراک عبدالجبار خان، رکن قومی اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد سید طارق حسین شاہ جاموٹ، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر افسران اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ گوٹھ آباد اسکیم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس میں ہر شہری کو بنیادی سہولیات اور رہائشی تحفظ فراہم کرنے کا عزم شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی رہنمائی میں پارٹی اس مشن کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “اپنی زمین، اپنا مکان” کا خواب اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے اور ان شاءاللہ یہ عمل دیگر علاقوں میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ غریب اور پسے ہوئے طبقات کو ان کا حق مل سکے۔ میئر کاشف شورو نے زمین کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو خوشحال سندھ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات