Live Updates

ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے لیے زمین کو محفوظ بنانے کے لیے فوری و اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے،بلاول بھٹو زرداری

انسانوں کی غفلت، لالچ اور بے حسی کے سبب زمین کو پہنچنے والے گہرے زخموں کے علاج کا سوچنا ہوگا، چیئر مین پیپلز پارٹی کا بیان

جمعرات 5 جون 2025 17:40

ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے لیے زمین کو محفوظ بنانے کے لیے فوری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے لیے زمین کو محفوظ بنانے کے لیے فوری و اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پاکستان کو ایک سبز انقلاب کی ضرورت ہے،ایسا سبز انقلاب جو صرف زراعت تک محدود نہ ہو بلکہ سوچ، گورننس اور ہماری روزمرہ زندگیوں میں بھی شامل ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے مگر موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان دنیا سے اپنے عوام کے لیے موسمیاتی انصاف چاہتا ہے،جو کرہِ ارض کو آلودہ کرتے ہیں انہیں اٴْن لوگوں کو حساب دینا ہوگا جو ماحولیاتی تباہی کوجھیلتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم ماحولیات کے عالمی دن پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بی بی شہید نے ماحول دوست سوچ کو اس وقت قومی ترجیح بنایا جب دنیا اس حوالے سے ابتدائی مراحل میں تھی۔ انہوںنے کہاکہ بی بی شہید کا ویژن آج بھی ہماری توانائی کی پالیسی، جنگلات کے تحفظ اور آبی وسائل کی بقاء کے عزم میں زندہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ انسانوں کی غفلت، لالچ اور بے حسی کے سبب زمین کو پہنچنے والے گہرے زخموں کے علاج کا سوچنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ ہم جس ہوا میں سانس لیتے ہیں، جو پانی پیتے ہیں اور جس زمین پر بستے ہیں، وہ سب پکار رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان آنے والے کل کے نگہبان ہیں، اپنی آواز، اپنا ووٹ اور اپنا وڑن کا استعمال کریں۔ بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ نوجوان اپنی آواز، اپنا ووٹ اور اپنا وژن کو بروئے کار لاکر ایک صحت مند زمین کا مطالبہ کریں۔ بلاول بھٹوزرداری نے بتایاکہ ہم سب زندگی کا انتخاب کریں، زمین کا انتخاب کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات