Live Updates

ہماری مسلح افواج جنگ کا جواب دینا جانتی ہیں ،بیرسٹر عامر حسن

بدھ 11 جون 2025 17:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما بیرسٹر عامر حسن نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج جنگ کا جواب دینا جانتی ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کی ڈپلومیسی سے ہماری سفارتکاری پرو ایکٹو ہوئی ہے،بھارت جان لے ہم ایٹمی قوت ہیں،ہماری مسلح افواج جنگ کا جواب دینا جانتی ہیں۔وہ بدھ کو پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں انچارج پیپلز پارٹی آر سی سی اے مڈل ایسٹ اینڈ گلف چودھری سجاد نذیر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے جو تماشہ رچایا ہوا ہے اسے کامیاب نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ جب قوم عید کی چھٹیاں منا رہی تھی تب چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد امریکہ میں تھا،بھارت نے جو جنگ مسلط کی پاکستان نے دندان شکن جواب دیا اورسفارتی محاذ پر بھی ہم نے یہ جنگ جیتی،ہم نے مذاکرات اور موثرسفارتکاری سے اپنا موقف منوایا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عامر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے نیو یارک میں کہا کہ آج میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی آواز بنوں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو دہشت گردی کے بہانے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی نہیں کرنے دینگے جبکہ بلاول بھٹو نے چین،روس ،اقوام متحدہ کے سفرا اور کانگریس کے نمائندگان سے ملاقاتیں کر کے پاکستان کا موقف پیش کیا۔بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک دونوں ممالک میں امن قائم نہیں ہو سکتا،ہم سفارتکاری اور روایتی جنگ میں بھی بھارت کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات