Live Updates

جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے

یہ بجٹ غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے، پٹرول اور بجلی پر ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا،مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف کا ردِعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 11 جون 2025 19:43

جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے وفاقی بجٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کے طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے، مہنگائی کی شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ یہ بجٹ غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے،پٹرول اور بجلی پر ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیاء ضروریہ مہنگی ہو جاتی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع سولر پینل، پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے،اب سولر پینل بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئے ہیں، مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینل پر ٹیکس غریب جائیں تو کہاں جائیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ غریب عوام کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ ہے، بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فئیر اپارٹمنٹ میں پیش کیا جاتا۔

(جاری ہے)

مزید برآں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کا بجٹ غریب کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکا ہے۔ اسلام آبادہائی کورٹ کے باہر گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں کوئی بجٹ کا ڈاکومنٹ نہیں دیا گیا، سارا عمل غیر قانونی تھا، سرکاری ملازمین گزشتہ روز اسلام آباد میں احتجاج کر رہے تھے، وزیراعظم ہاؤس کا بجٹ 17 فیصد بڑھ گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 10 فیصد بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں جو ٹرائل ہونے تھے منسوخ کیے گئے، 5 جون کو کیس مقرر کیا گیا تھا، پھر 11 جون کو سماعت ہونی تھی۔عمر ایوب نے کہا کہ جہاں جج ہماری سماعت نہیں کرسکتے وہاں کیا آئین اور کیا قانون ہوگا جس طرح یہ کام کیے جارہے ہیں یہ سب بنانا ری پبلک میں ہوتا ہے۔ اوچھی حرکتوں سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے قد کاٹھ میں کمی نہیں لائی جاسکتی۔انہوںنے کہاکہ گرمی میں بشریٰ بی بی کو گندا پانی اور خراب کھانا فراہم کیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کے عزیز و اقارب سے ان کی ملاقات نہیں ہونے دی جارہی، بانی پی ٹی آئی سے سیاسی قیادت کی ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات