بھارتی وزیرخارجہ کی پاکستان کیخلاف جارحیت کی دھمکی مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے، علی رضا سید

بدھ 11 جون 2025 22:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزام اور ایک اور حملے کی دھمکی کو عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی مذموم کوشش قراردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے ایک بیان میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے برسلز میں انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر حالیہ حملے اور نئی جارحیت کی دھمکی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور دہائیوں سے زیرالتوا کشمیر کا تنازع ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے بارے میں اپنا پرانا راگ الاپ رہا ہے، جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ اصل موضوع کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر اور بھارتی ریاستی دہشت گردی ہے اور بھارت کی طرف سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین کوئی دو طرفہ معاملہ یا علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا، جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔

علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت پر دبا ئوڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء اور کارکن جبری طورپر نظربند ہیں جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور ان میں سے بھی متعدد زیرحراست ہیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں اور ماورائے عدالت قتل روزکا معمول بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ "بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جھوٹ بول رہا ہے۔ اگر یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی ادارے سچ جاننا چاہتے ہیں، تو انہیں مقبوضہ کشمیر میں اپنی ٹیمیں بھیجنی چاہیے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو کشمیر تک غیرمشروط رسائی دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا موقف حق اور سچ ہے اور ان کی جدوجہد یقینا کامیاب ہوگی۔بھارت کی جانب سے نئی جنگی دھمکیوں کے حوالے سے علی رضا سید نے خبردار کیا کہ بھارت کو نئی جنگ کے بارے میں دھمکی سے باز آنا چاہیے، کیونکہ اگر ایک بار پھر تصادم ہوا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ عالمی برادری بھارت پر دبائوڈالے تاکہ وہ پاکستان سے مذاکرات اور کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرے۔