Live Updates

پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم شراکت دار ہے،امریکی جنرل مائیکل کوریلا

بدھ 11 جون 2025 22:50

واشنگٹن11جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) امریکہ نے ایک بار پھر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اہم شراکت دار قرار دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان کے دہشتگردی کیخلاف مثبت اور فعال کردار کی پوری دنیا معترف ہے، امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جنرل کوریلا کا کہنا تھا کہ داعش خراسان اس وقت عالمی سطح پر سب سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں میں شمار ہوتی ہے، پاکستان ایک غیر معمولی انسدادِ دہشت گردی شراکت دار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔جنرل کوریلا نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی انٹیلی جنس تعاون کے نتیجے میں داعش خراسان کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک اورگرفتار کیا گیا ان گرفتاریوں میں تنظیم کے کم از کم پانچ انتہائی مطلوب رہنما بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل کوریلا نے کہا کہ پاکستان محدود مگر موئثر انٹیلی جنس معلومات کے تبادلہ کے ذریعہ داعش خراسان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی پٹی میں سرگرم ہے، پاکستان کی شراکت داری انسداد دہشت گردی کے عالمی تناظر میں انتہائی اہم اور موثر ثابت ہو رہی ہے۔امریکی جنرل نے کہا کہ 2024 کے آغاز سے اب تک پاکستان کے مغربی علاقوں میں ایک ہزار سے زائد دہشتگرد حملے ہوئے۔

ان حملوں میں تقریبا 700ً سیکورٹی اہلکار اور شہری شہید اور 2500زخمی ہوئے ہیں، پاکستان فعال انسداد دہشتگردی کی جنگ لڑ رہا ہے۔جنرل کوریلا نے کہا کہ داعش خراسان کمزور ہو چکی اور اس کی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے، اس کی بنیادی وجہ حالیہ مہینوں میں انہیں پہنچنے والا بھاری نقصان ہے، ہمیں پاکستان اور بھارت دنوں کے ساتھ تعلقات رکھنا ہوں گے۔سربراہ سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ یہ کوئی ایسا دو ٹوک فیصلہ ہے کہ اگر بھارت سے تعلق ہو تو پاکستان سے نہیں ہو سکتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات