Live Updates

بجٹ 2026/2025حکومت کی دور اندیشی اور معاشی حکمت عملی کا مظہر ہے،راجہ محمد جاوید اخلاص

ٹیکس میں رعایت، پنشن اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے فیصلے عوامی ریلیف کی واضح مثال ہیں

جمعرات 12 جون 2025 15:29

گوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راجہ محمد جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ بجٹ 2026/2025حکومت کی دور اندیشی اور معاشی حکمت عملی کا مظہر ہے، جس میں ٹیکس میں رعایت، پنشن اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے فیصلے عوامی ریلیف کی واضح مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی بحالی اور فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے ملک میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور قومی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگی یہ بجٹ صرف اعداد و شمار نہیں، بلکہ عوامی فلاح کا روڈمیپ ہے۔راجہ جاوید اخلاص نے حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ معرکے میں پاکستان کی سفارتی کامیابی کو چین، ایران، ترکی، امریکہ اور روس جیسے ممالک کی جانب سے سراہا جانا قومی وقار کی جیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دفاعی بجٹ میں اضافے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ہمارا دشمن مکار ہے، ہمیں ہر لمحہ چوکنا رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 67 فیصد وسائل صوبوں کو دینا وفاق کی صوبوں کے ساتھ مضبوط وابستگی کا ثبوت ہے، جس سے ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں مکمل کیے جا سکیں گے۔ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیر اعلی کی سفارش پر کمیٹی کا قیام اور اضافی فنڈز کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے۔

راجہ جاوید اخلاص نے ایف بی آر کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوری اور کرپشن کے خلاف یہ قدم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ وفاقی حکومت کے ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے نارووال ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کی 35 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت کو عوامی اعتماد کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ کون سی جماعت ان کے مسائل کا حل پیش کر رہی ہی.عوامی فلاح و بہبود ہی کسی سیاسی جماعت کا اصل منشور ہونا چاہیے۔

راجہ جاوید اخلاص نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر لاکھوں ٹن آلائشوں کو ریکارڈ مدت میں ٹھکانے لگایا گیا، جو صفائی کے مثالی انتظامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ازسرنو تعمیر، غربت کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز مالی امداد کی فراہمی اور تعلیمی اداروں میں طلبا کے لیے اسکالرشپ پروگرام وزیراعلی کی عوام دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ(ن)ملک و قوم کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی اور عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات