امریکہ سے شراکت داری پر بھارت کا دوغلا معیار بے نقاب، بھارتی صحافی اور اداکار مودی حکومت پر برس پڑے

جمعرات 12 جون 2025 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) معروف بھارتی دفاعی صحافی اور اینکر شیو ارور نے امریکہ کی پاکستان نواز پالیسی پر سخت ردعمل ظاہر کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شیو ارور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں امریکی رویے کو دہشت گردی کے معاملے پر کھلا دوغلا پن قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں 26بھارتی شہریوں کی ہلاکت کے صرف چند ہفتوں بعد، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی امریکی سینٹرل کمانڈ کے جنرل کی جانب سے پاکستان کو غیر معمولی شراکت دار کہنا بھارت میں شدید تحفظات کو جنم دے رہا ہے۔شیو ارور کی ٹویٹ بظاہر ایک سوال ہے مگر درحقیقت بھارت کی عالمی سطح پر ناکامی کا کھلا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں کے باوجود، امریکہ کی جانب سے پاکستان کو مسلسل اہمیت دینا بھارت کی خارجہ پالیسی کی کمزوری کو نمایاں کر رہا ہے۔

شیو ارور جیسے معروف دفاعی صحافی کی تنقید سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کی سفارتی حکمت عملی محض فریب ثابت ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر اسے پاکستان کے مقابلے میں خاطر خواہ حمایت نہیں مل پا رہی۔ ماہرین کے مطابق اگر بھارت عالمی برادری میں اپنی ساکھ بحال کرنا چاہتا ہے تو اسے دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے اپنا احتساب خود کرنا ہو گا۔ دنیا بھارت کی شکایات سن سن کر تھک چکی ہے ۔

اور اب بھارت کا اپنا میڈیا بھی انہی شکایات کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔دوسری طرف معروف بھارتی اداکار پرکاش راج نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیکار، بے شرم، سنگدل اور بصارت سے محروم وزیراعظم ہے۔یہ بیان اس تنقیدی لہر کا حصہ ہے جو بھارت کے اندرونی حلقوں میں بھی مودی سرکار کی سفارتی حکمت عملی پر پھیل رہی ہے۔ سفارتی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر بھارت کے اپنے صحافی ، مبصرین اوراداکارامریکہ کی پالیسیوں سے نالاں ہیں، تو بین الاقوامی برادری بھارت کے شور شرابے پر کیسے اعتبار کرے گی۔

بھارت جس امریکہ کو کل تک اپنا اسٹریٹیجک پارٹنر رہا، آج اسی پر الزام تراشی کر رہا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کی خارجہ پالیسی اب بیانات، جذبات اور ٹویٹس کے رحم و کرم پر چل رہی ہے۔