چوہدری انوار الحق کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت

کسی ملک کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ کرنا کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 14 جون 2025 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور اس جارحیت کی ہم شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم نے اقوام عالم کو یاد دلایا کہ کسی ملک کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ کرنا کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو کسی بھی ملک کی خود مختاری کو تحفظ فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ چارٹر تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور سیاسی ازادی کے احترام پر زور دیتا ہے اور اس خلاف ورزی پر اسرائیل کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بمباری کر کے اس وقت تک 80 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کو شہید کیا ہے ان کی املاک کو تباہ کیا ہے اور ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو برباد کر کے رکھ دیا ہے، اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے اور وہ اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کے امن کو برباد کرنے پر تلا ہے۔

وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ایران پر کیا جانے والا حملہ کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے کیونکہ ایران ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اور اسے اپنی سالمیت کے دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور ایران کو تحفظ فراہم کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اسرائیل کے حملے میں شہید ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ، آرمی چیف اور ایٹمی سائنس دانوں کی شہادت پر شدید دکھ کا اظہار اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کشمیر سے لے کر غزہ تک امن عالم کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے اگر عالمی برادری نے نیتن یاہو اور نریندر مودی کی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نوٹس نہ لیا تو منطقی انجام تیسری عالمی جنگ کی صورت میں وقوع پذیر ہو سکتا ہے، کشمیری عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور وہ ان کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اقوام عالم کو یاد دلایا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور اس چنگاری کو آگ کی شکل سے پہلے ہی بجھانے میں اہم کردار ادا کریں۔