Live Updates

ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی واردفاعی حق ،او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے‘جاوید قصوری

ہفتہ 14 جون 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاویدقصوری نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے جس نے دنیا کا امن تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے۔ نیتن یاہو، غزہ میں مظالم کی انتہا کرنے کے بعد اب ایران اور دیگر مسلم ممالک کو للکار رہاہے ، وقت آگیا ہے کہ اس کو سبق سیکھاجائے ، ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی واردفاعی حق ہے ، پوری پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے ، او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ، امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیم میں نماز پڑھنے پر پابندی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔یہ اقدام مذہبی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے ۔ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے جس کے اوپر دنیا کا کوئی قانو ن لاگو نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

وہ پاگل ہو چکا ہے ۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ غزہ جنگ بندی میں،اپنی ناکامی کا اعتراف کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ، ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت، ظلم و ستم اور بربریت پر تشویش کا اظہار کرتی ہے، اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیزی سے خطے کا برباد ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے ۔

اسرائیلی جارحیت سے غزہ کی بیس لاکھ کی آبادی بے گھر ہوچکی ہے ۔صیہو نی فوج کی طرف سے رفاہ کی راہداری ،اسکولوں ، ہسپتالوں، رہائشی آبادیوں،میڈیا دفاتر اور پانی سپلائی لائن پر بمباری کی جا رہی ہے ۔شہید ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتن کی ہے ۔ اسرائیل دنیا کے کسی قانو ن کو ماننے کو تیار نہیں عالمی برادری اسرائیل اور اس کے حواریوں کا بائیکاٹ کرے ۔

اقوام متحدہ امن قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ مسلم ممالک مذمت سے آگے بڑھیں، اسرائیل اور امریکہ جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔ نہتے فلسطینیوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی بھی سراسر خلاف ورزی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات