Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا کی بیرون ممالک سے میڈیکل گریجویٹس ڈاکٹرز کو تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 14 جون 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے بیرون ممالک کے میڈیکل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(ایف ایم وائی ڈی اے) کے صدر ڈاکٹر طاہر سکندرانی نے ملاقات کی، جس میں غیر ملکی میڈیکل انسٹی ٹیوٹس سے فارغ التحصیل نوجوان ڈاکٹرز کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر سکندرانی نے غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کو درپیش اہم مسائل، خاص طور پر صوبائی حکومت کی جانب سے آنریری ہائوس جاب کے مواقع نہ ملنے کی شکایت کی۔

اس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اعلی حکام سے بات کریں گے۔ ڈاکٹر سکندرانی نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے لائسنسنگ امتحان میں پاسنگ مارکس 50 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جسے انہوں نے غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غیر ملکی گریجویٹس پر منفی اثر پڑے گا۔

(جاری ہے)

گورنر نے فوری طور پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے رابطہ کرکے یہ شکایات ان تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ تمام ممکنہ ذرائع سے اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ڈاکٹر سکندرانی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی فوری کارروائی اور غیر ملکی تربیت یافتہ نوجوان ڈاکٹرز کے حقوق کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا۔

کراچی میں پختون کمیونٹی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران سابق طالب علم رہنما اور کراچی میں پختون کمیونٹی کے نمایاں رہنما ملک ارشد کنڈی نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک ارشد کنڈی نے گورنر کو خیبر پختونخوا کے ان لوگوں کے مسائل سے آگاہ کیا جو سندھ، خاص طور پر کراچی میں مستقل طور پر مقیم ہیں۔

انہوں نے خطے میں پختون آبادی کو درپیش سماجی اور انتظامی مسائل پر روشنی ڈالی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ سندھ میں مقیم پختونوں کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ ماضی میں بھی ان مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ملک ارشد کنڈی نے گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کوششیں خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں پختون کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات