Live Updates

بیرسٹر سلطان کا اوورسیز پاکستانیز سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم عالمی برادری کے سامنے اٹھانے پرزور

بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے خطہ ہڑپنا چاہتا ہے،مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ،دنیا کو باور کروانا ہو گا کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ و غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے، صدر آزاد کشمیر

اتوار 15 جون 2025 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ممالک بالخصوص یورپ میں آباد کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے مسئلہ کشمیر کو پورے شدو مد سے اٹھانا چاہیے۔ اب جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے توہمیں اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے چاہیے اور اب جب بھی مسئلہ کشمیر پر مذاکرات ہوں تو کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل نکلے۔

کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شروع کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ ایسی صورتحال میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور دنیا کو یہ باور کروانا ہو گا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ و غاصبانہ قبضہ سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ثالثی کی پیشکش انتہائی خوش آئند ہے۔ مسئلہ کشمیر کا مستقل حل صرف مذاکرات میں ہی پوشیدہ ہے مگر مذاکرات کی میز پر مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام کو بھی بٹھایا جائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں پوری دنیا میں مقیم کشمیری متحد اور متفق ہو کر انٹرنیشنل کمیونٹی تک کشمیریوں کا مقدمہ پہنچائیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ یہ ایک بہترین وقت ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے اور ہمیں ثالثی کی اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت پیش رفت ہو سکے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیری کئی دہائیوں سے نسل در نسل اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے۔ پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے ۔

پاک بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتاہے۔ عالمی برادری یہ بات ذہن نشین کر لے کہ جنوبی ایشیاء کے امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے اور مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں اور انہیں مذاکرات میں شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکل سکے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ یورپ اور فرانس میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور انداز میں آواز اٹھائیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو فرانس کے دورے کی دعوت دی جو صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی اورکہا کہ وہ جلد ہی یورپ کا دورہ کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات