Live Updates

نائب صدرایف پی سی سی آئی کی ایران پر اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش

اسرائیل ایرانی عوام کے خون سے نہلا رہا ہے،جنگ کو روکنے کئے مسلم دنیا متحد ہوجائے، امان پراچہ

اتوار 15 جون 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت پاکستان(ایف پی سی سی آئی)نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے آرمی چیف، سائنسدانوں اور ایرانی عوام کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمدامان پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پہلے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کئے گئے اٹیک اوراب اسرائیل کا ایران پر حملہ مسلم دنیا کی کمزوری کو ظاہر کررہا ہے، ایران ہمارا ہمسایہ برادر ملک ہے، ہمارے ایران کے ساتھ ایسے رشتے ہیں جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے، اسرائیل نے ایران، فلسطین اور یمن کو ٹارگٹ بنایا ہوا ہے اورایسے وقت میں مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور اپنے ایجنڈے کے تحت اپنے مفادات کا تحفظ کرتی رہی تو پھر امریکا کے کہنے پر اسرائیل دیگر مسلم ممالک پر بھی اٹیک کرے گا۔

(جاری ہے)

امان پراچہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی بچوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور فلسطین کی تباہی میں ملوث ہے، اسرائیل کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں اور اب اسرائیل ایرانی عوام کے خون سے نہلا رہا ہے، پاکستان کے عوام اسرائیلی حملوں میں قیمتی جانی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔امان پراچہ نے کہا کہ اس وقت فوری طور سے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے عالم اسلام کا اتحاد نظر آئے، اسلامی دنیا میں جہاں جہاں اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں ان کو منقطع ہونا چاہیے،امریکا کی حمایت سے اسرائیلی ضارحیت نے دنیا بھر کی تجارت کو متاثر کررکھا ہے اور امریکا کی معیشت بھی مشکلات سے دوچار ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے جس میں مسلمان ممالک مل کر ایسی حکمت عملی بنائیں جس سے اسرائیل کا مقابلہ کیا جا سکے۔امان پراچہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے،اسرائیلی جارحیت نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے، یہ اقدام خطے کے امن اور عالمی سلامتی کیلئے نہ صرف سنگین خطرہ ہے بلکہاس سے خطے میں امن اور استحکام بری طرح متاثر ہوگا۔

امان پراچہ نے بلاول بھٹو کے اس بیان کی تائید کیکہ عالمی برادری خطے میں جنگ کو فوری روکے سندھ طاس جیسے معاہدے کمزور ہوئے تو علاقائی امن کو خطرہ ہوگا،عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ خطے میں جنگ کو فوری روکا جائے۔انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو وطن واپسی کیلئے پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کی جائیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات