Live Updates

بلوچستان میں فوری طور پر مسلم لیگ(ن) کے انٹر ا پارٹی انتخابات کرائے جائیں ،جہانگیر خان خروٹی

الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے،بلوچستان میں وزراء اور ارکان اسمبلی 22فیصد کمیشن لیکر ٹھیکے دے رہے ہیں،کی پریس کانفرنس

اتوار 15 جون 2025 19:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی کارکن جہانگیر خان خروٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فوری طور پر مسلم لیگ(ن) کے انٹر ا پارٹی انتخابات کرائے جائیں بصورت دیگر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے،بلوچستان میں وزراء اور ارکان اسمبلی 22فیصد کمیشن لیکر ٹھیکے دے رہے ہیں جس کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو سلیم جبار ، عادل ،ناصر خان ،شاہد مگسی ، زبیدہ ،شائستہ خان اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔جہانگیرخان خروٹی نے کہا کہ اسوقت مسلم لیگ (ن) پر پیراشوٹرز کی قابض ہیں جنہوں نے کارکنوں کو نظر انداز کیا ہوا ہے اورمسلم لیگ(ن) کے نظریاتی ورکروں کے کوئی کام نہیں ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر پارٹی کے کارکنوں کو اہمیت دینے کی بجائے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیںجس سے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 3کے ٹولے نے مسلم لیگ (ن) کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے جب ان سے کارکنوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں ہے اگر انکے پاس اختیار نہیں ہے تو وہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی ورکر ز گزشتہ دو سال سے پرامن احتجاج کررہے ہیں لیکن ہمارے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں اگر اب بھی ہمارے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے تو سخت احتجاج کاراستہ اپنائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ جب مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو یہی نظریاتی کارکن انکے ساتھ کھڑے تھے آج بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کو پیراشوٹرز کے حوالے کردیا گیا ہے جو اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد کسی اور پارٹی میں چلے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان خروٹی نے کہا کہ بلوچستان میں فوری طور پرمسلم لیگ(ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں بصورت دیگر ہم الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے پر مجبور ہونگے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگاکر احتجاج کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات