Live Updates

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں فوجی کریک ڈائون مزید تیز کر دیا

منگل 17 جون 2025 17:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاگیاہے اورمودی کی بھارتی حکومت نے سکیورٹی کے نام پر پورے مقبوضہ علاقے میں اپنے وحشیانہ فوجی کریک ڈائون کو تیز کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے خاص طور پر پونچھ اور راجوری کے اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں سے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بن کر رہ گئی ہیں ۔

وادی کشمیر بدستور خوف کی لپیٹ میں ہے، بھاری ہتھیاروں سے لیس بھارتی فوجی رہائشی علاقوں پردھاوا بول کربغیر کسی وارنٹ کے رہائشیوں کو خوف و ہراس کا نشانہ بناتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے اپنے ظلم و بربریت کا سلسلہ بڑی شاہراہوں اور قصبوں تک پھیلادیا ہے جبکہ سرینگر جموں ہائی وے اور بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام، پلوامہ اور کٹھوعہ کی سڑکوں پرقابض فورسز کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔

جہاں عام شہریوں کو روک کرپوچھ گچھ کی جاتی ہے ، جس سے کشمیریوں میں خوف ودہشت پھیل رہی ہے اور انکے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔ ہندو امرناتھ یاتراکی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے نام پر مقبوضہ علاقے میں ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایران کے خلاف اسرائیل کی کھلی جارحیت کی شدید مذمت کی اورکشمیریوں کی طرف سے اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہا ر کیاہے۔

ڈی ایف پی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اسرائیلی مظالم اور جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کا موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں جارح ریاستیں بین الاقوامی قانون کو مسلسل پامال کر رہی ہیں ۔ بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیاگیا کہ وہ اسرائیل کے جنگی جنون کو روکے اورمظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔ایران میں پھنسے ہوئے کشمیری طلباء کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عرب ممالک کے طلباء کو ایران سے واپس نکالاجاچکا ہے ۔تاہم ایران میں بھارتی سفارت خانہ ان کی کوئی مدد نہیں کر رہاہے ۔کشمیری طلباء کا کہناہے کہ بھارتی حکومت نے انہیں جنگ کے دوران تنہا چھوڑ دیاہے۔ادھر سرینگر میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کرخودکشی کر لی ہے جس سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنوری 2007سے خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 628ہو گئی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات