مودی نے ٹرمپ کو پاک بھارت تنازعے پر تیسرے فریق کی ثالثی سے انکارکیا ہے، بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری کا دعویٰ

بھارتی وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مودی نے مریکی صدر کو بھارت کے آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کیا اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مسائل پر کبھی ثالثی قبول نہیں کرے گا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 12:09

مودی نے ٹرمپ کو پاک بھارت تنازعے پر تیسرے فریق کی ثالثی سے انکارکیا ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025)بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطے میں پاک بھارت تنازعے پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی سے انکار کر دیا ہے، خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وکرم مسری کاکہناہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کے ساتھ 35 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اپنا موقف واضح طور پر پیش کیا۔

وکرم مسری کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے بات چیت کے دوران امریکی صدر کو بھارت کے آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کیا اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مسائل پر کبھی ثالثی قبول نہیں کرے گا۔وکرم مسری نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو سمجھا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت سے اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق وکرم مسری نے وڈیو بیان میں بتایا ہے کہ جی 7 سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جو آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔وکرم مسری کے مطابق وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ کو واضح کیا کہ اس پوری کارروائی کے دوران کسی بھی وقت کسی بھی سطح پر بھارت امریکہ تجارتی معاہدے یا پاکستان اور بھارت کے درمیان امریکی ثالثی کے بارے میں امریکا سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مطابق وزیراعظم مودی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت نے کبھی ثالثی قبول نہیں کی نہ اب کرے گا اور نہ آئندہ کبھی کرے گا۔ اس معاملے پر بھارت میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔وکرم مسری کے مطابق مودی نے ٹرمپ کو بتایا کہ فوجی کارروائی روکنے پر بات چیت بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست ہوئی جو دونوں ممالک کی افواج کے درمیان رابطے کے موجود ذرائع کے ذریعے کی گئی، اور یہ اقدام پاکستان کی درخواست پر اٹھایا گیا۔

بھارتی سیکریٹری خارجہ نے دعویٰ کیا کہ جی 7 اجلاس کی سائیڈ لائنز پر بھارتی وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات طے تھی تاہم صدر ٹرمپ کی قبل از وقت امریکا واپسی کے سبب دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نہیں ہوسکی جس کے بعد صدر ٹرمپ کی درخواست پر دونوں رہنماؤں نے فون پر گفتگو کی۔وکرم مسری کے مطابق امریکی صدر نے وزیراعظم مودی کو مختصر قیام کی دعوت دی تاہم دیگر مصروفیات کے سبب مودی اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔وکرم مسری کے مطابق نریندر مودی نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ کو کہا کہ آپریشن سندور تاحال جاری ہے۔