بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین بری،شاہ محمود کی ضمانت منظور

9مئی جلائو گھیرائو کے مقدمے میں سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کی گئی

ہفتہ 21 جون 2025 18:33

لاہور/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمہ کا محفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے سنا دیا۔عدالت نے بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب ، علی بخاری ، شعیب شاہین اور دیگر کو کراچی کمپنی مقدمہ سے بری کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما عامرڈوگر، ملک رفیق اور عامر مغل کی بریت درخواستیں بھی منظور کر لی گئیں، عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف26اپریل2024ء کو احتجاج کیا گیا تھا۔

احتجاج شعیب شاہین کے دفتر سے کراچی کمپنی تک کیا گیا تھا، قبل ازیں عدالت نے مقدمہ نمبر498میں بھی بریت درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے تھانہ کراچی کمپنی میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین اور عامر ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے، وکلاء صفائی نے تمام رہنمائوں کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر لیے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعدازاں سنا دیا گیا۔دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 9مئی سے متعلق شادمان آتشزدگی کیس میں ضمانت منظور کر لی ۔

یہ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کے موقع پر جج منظر علی گل نے سنایا۔ایک روز قبل اے ٹی سی لاہور میں شاہ محمود قریشی کے وکلاء رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور ملک نے تفصیلی دلائل دیے تھے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کئی ماہ قبل شادمان آتشزدگی کیس میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، اسی مقدمے میں جج منظر علی گل نے چند روز قبل سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کی تھی۔