Live Updates

ایران پر امریکی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان

ان حملوں کو اسرائیل کے پے در پے حملوں کا تسلسل سمجھتے ہیں، ہمیں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش ہے، فریقین بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کریں؛ ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 13:05

ایران پر امریکی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،  دنیا پر سنگین اثرات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2025ء ) پاکستان کا ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ حملوں سے خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، ان حملوں کو اسرائیل کے پے در پے حملوں کا تسلسل سمجھتے ہیں، ہمیں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش ہے۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں ترجمان نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہی مسائل کا واحد حل ہیں، فریقین بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کریں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی خودمختاری اور سلامتی کا دفاع کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ادھر او آئی سی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے جائز حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے، خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کے تناظر میں۔

نائب وزیراعظم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملے اُس وقت کیے جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران میں اپنی نگرانی اور تصدیقی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی اور ان حملوں کے ذریعے اسرائیل نے بین الاقوامی قانون، آئی اے ای اے کے آئین اور متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کی، حملے ایک خطرناک نظیر قائم کرنے کا خدشہ رکھتے ہیں اور پورے خطے بلکہ دنیا بھر کی آبادیوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات