Live Updates

آرمی چیف کا ٹرمپ سے ملنا مس ٹائمنگ اور نوبل انعام کی سفارش بلنڈر ہے، سفارتی غلطیاں نوشتہ دیوار ہیں، لیاقت بلوچ

اتوار 22 جون 2025 13:25

آرمی چیف کا ٹرمپ سے ملنا مس ٹائمنگ اور نوبل انعام کی سفارش بلنڈر ہے، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی سفارش کرنا بلنڈر ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنما ومشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل انعام کیلئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ آرمی چیف کا ٹرمپ سے ملنا مس ٹائمنگ ہے، ماضی کی عالمی سفارتی غلطیاں نوشتہ دیوار ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا سیاسی بحران نئے خطرات پیدا کرے گا۔تحریک انصاف کے رہنما و مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ شہبازشریف خوشامد چھوڑ کر ایبسولوٹلی ناٹ کہنے کی ہمت پیدا کریں، اقتدار کیلئے خوشامد کے بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے، شہباز شریف خوشامد ضرور کریں مگر ملکی و قومی مفادات کا بھی خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نوبل انعام یافتہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل میں ثالثی کے بجائے معصوم شہریوں پر حملے کئے جا رہے ہیں، جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے، خوشامد کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، شہباز شریف کیلئے یہ باعثِ شرم ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان ایبسولوٹلی ناٹ پالیسی کی بدولت عوام کے دلوں میں بسا ہوا ہے، انہوں نے کبھی امتِ مسلمہ کے خون کا سودا نہیں کیا، عمران خان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی عزت، وقار اور سربلندی کیلئے سوچا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات