Live Updates

نو مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد

جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ضمانتوں سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 15:40

نو مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) لاہور ہائیکورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نو مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ضمانتوں سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا، جسٹس طارق محمود باجوہ بھی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ تھے، اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی تمام کیسز میں ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا، درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی، ان مقدمات کے تفتیشی افسران اور سپیشل پراسیکیوٹرز بھی دوران سماعت عدالت میں پیش ہوئے، فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھی ان 8 مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی تھیں جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، ضمانت کی درخواستوں میں ان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی کے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا، 2 برس سے زائد عرصہ سے ان مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جن میں صرف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات