Live Updates

علی امین گنڈاپور نے مائنس عمران خان کردیا، بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں، علیمہ خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تو کہا تھا سارے ایم پی ایز صبح اڈیالہ جیل آرہے ہیں ، ہم جیسے دس دس گھنٹے یہاں دھوپ میں کھڑے ہوتے ہیں کیا وہ نہیں ہو سکتے؟ سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 16:34

علی امین گنڈاپور نے مائنس عمران خان کردیا، بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے مائنس عمران خان کردیا اگر بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے نام پر کرنل نے نہیں بلکہ اوپر سے کراس لگا ہوا ہے، ہم نے کے پی کے حکومت سے بھیک مانگی کے اڈیالہ کے باہر پہنچیں، بہت منتیں کی کہ اگر وہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے تو آپ اڈیالہ کے باہر آ جائیں لیکن کِسی نے نہ سُنی، سپیکر صوبائی اسمبلی کا فون آیا کہ "پاس ہے یا پیش ہے" میں نے کہا کہ آپ اڈیالہ کے باہر کیوں نہیں جاتے تو انہوں نے کہا کہ ہم جائیں گے لیکن نہیں گئے۔

سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے تو کہا تھا ہم سارے ایم پی ایز صبح اڈیالہ جیل آرہے ہیں ، ہم جیسے دس دس گھنٹے یہاں دھوپ میں کھڑے ہوتے ہیں کیا وہ نہیں کھڑے ہو سکتے تھے؟ ہمیں تو یقین ہی نہیں ہورہا کہ بجٹ پاس ہوگیا ہے لیکن اگر عمران خان سے پوچھے بغیر بجٹ پاس ہو گیا تو یہ مائنس عمران خان کر چکے ہیں لیکن ہم اس کو باہر نکالنے کے لیے کھڑے رہیں گے چاہے ہمارے ساتھ کوئی کھڑا ہو یا نہ ہو۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کہتی ہیں کہ یہ عمران خان سے خوفزدہ ہیں اور اسی لیے انہوں نے سابق وزیراعظم کو آئسولیٹ کردیا ہے کیوں کہ یہ عمران خان کو عوام کے دلوں میں سے نکالنا چاہتے ہیں لیکن یہ ناممکن ہے، آج مجھے نہ ملنے دیا گیا تو میں یہاں سے نہیں جاؤں گی کیوں کہ جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کرنا میرا حق ہے لیکن اس کے باوجود پانچ مہینوں میں صرف دو بار ملاقات کرنے دی گئی، جب تک یہ ملاقات کے لیے نہیں جانے دیتے میں یہیں بیٹھی رہوں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات