Live Updates

ں*خیبرپختونخوا کا بجٹ پر مشاورت نہ کرکے بانی پی ٹی آئی کو مائنس کردیاگیا،علیمہ خان

خان صاحب کو دنیا کی کوئی تاریخ مائنس نہیں کر سکتی، بڑے بڑے نہیں مائنس کر سکے، غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے بجٹ پاس نہیں ہوا ،بیرسٹر گوہر

منگل 24 جون 2025 22:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ کے پی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے بغیر جلد بازی میں بجٹ پاس کرکے سابق وزیر اعظم کو پارٹی سے ’مائنس‘ کر دیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے جلد بازی میں اور ہدایات کے بغیر ہی بجٹ پاس کرکے بانی کو پارٹی سے مائنس کردیا ہے جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے علیمہ خان کا بیان مسترد کر دیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ خان صاحب نے کہا تھا بجٹ انکی اپرول کے بغیر پاس نہیں ہوگا، اب ہوگیا ہے تو کیا مائنس عمران خان ہوگیا جس پر علیمہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے ہوگیا۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کے بقول عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی ہائبرڈ سسٹم نہیں بلکہ براہِ راست مارشل لا نافذ ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ٹرمپ نے براہ راست فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات کی، نہ کہ شہباز شریف یا صدر زرداری سے، جنہیں دنیا جانتی تک نہیں۔

علیمہ خان نے شکایت کی کہ انہیں ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کے ساتھ ملاقات سے روکا گیا، حالانکہ وہ بھی عمران خان کی ہمشیرہ ہیں، یہاں ایک کرنل صاحب فیصلہ کرتے ہیں کہ کون جیل میں عمران خان سے ملاقات کرے گا۔ تیمور جھگڑا، سلمان اکرم اور علی امین کو اجازت نہیں دی گئی، لیکن بیرسٹر سیف کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور ایران اگر ایک ساتھ بیٹھ کر سیز فائر کا فیصلہ کر سکتے ہیں تو ہمیں بھی اپنے ملک کی خود مختاری کی فکر کرنی چاہیے۔

ایرانی ایک مضبوط قوم ہے، ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے کہ کیسے قانون کی حکمرانی اور قومی وقار کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔علیمہ خان نے بتایا کہ آخر میں عمران خان نے سوشل میڈیا پر عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں یہی پلیٹ فارم عوام کی آواز بنے ہوئے ہیں اور یہی امید کی کرن ہیں۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کا بیان یکسر جھٹلا دیا اور بجٹ کی منظوری بھی مسترد کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئینے کہا کہ خان صاحب کو دنیا کی کوئی تاریخ مائنس نہیں کر سکتی، بڑے بڑے نہیں مائنس کر سکے، غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے بجٹ پاس نہیں ہوا ، یہ خان صاحب کی اسمبلی ہے اور خان صاحب کا ووٹ ہے، خان صاحب کا بجٹ وہ جیسے کہیں گے کوئی انتظار نہیں کرے گا۔صوبائی اسمبلی سے ایک روز قبل منظور بجٹ کو غیر منظور شدہ کہہ کر بیرسٹر گوہر نے ایک نئی ممکنہ آئینی بحث کی راہ بھی کھول دی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات