Live Updates

وزیراعلیٰ سندھ معذور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم

معذور افراد کی بحالی کیلیے کام کرنے والی تنظیموں میں 40 کروڑ روپے تقسیم ،وزیراعلی سندھ نے آئندہ سال امداد بڑھا کر 80 کروڑ روپے کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 27 جون 2025 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معذور افراد کے لیے 40 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ایک جامع اور بااختیار معاشرے کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے یہ اعلان محکمہ برائے معذور افراد کے بااختیار بنانے (ڈی ای پی ڈی)کی جانب سے وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا جہاں 40 کروڑ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ترجیحات میں پائیدار شراکت داری، معاون ٹیکنالوجی تک رسائی، معیاری اور جامع تعلیم، اور مساوی روزگار کے مواقع شامل ہیں۔تقریب میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ریاض شاہ شیرازی، ضیا لنجار، حاجی علی حسن زرداری، شاہد تھہیم، محمد علی ملکانی، سینیٹر وقار مہدی، خصوصی معاونین سید قاسم نوید اور سرفراز راجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، محکمہ برائے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے سیکریٹری طحہ فاروقی، دیگر صوبائی سیکریٹریز اور معذور افراد کے حقوق پر کام کرنے والی شراکت دار تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے 56 شراکت دار تنظیموں میں چیکس تقسیم کیے۔ یہ مالی معاونت 40 کروڑ روپے پر مشتمل ہے جو معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مختص کی گئی ہے اور یہ رقم مستحقین کے اکانٹس میں منتقل کی جا چکی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ معاون ٹیکنالوجیز جیسے کہ وہیل چیئرز، مصنوعی اعضا اور رابطے کے آلات صرف آلات نہیں بلکہ خودمختاری، وقار اور مواقع کی علامت ہیں۔

ہم ایسا معاشرہ بنا رہے ہیں جہاں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔تقریب میں خصوصی بچوں نے جذباتی ٹیبلوز پیش کیے جن میں ایک پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تھا۔ بچوں کے بنائے گئے فن پارے، جن میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور وزیر اعلی کے پورٹریٹ شامل تھے، اسٹیج پر آویزاں کیے گئے اور بعد ازاں وزیر اعلی کو تحفے میں دیے گئے۔

مراد علی شاہ نے معذور افراد کے لیے مختلف اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ برائے معذور افراد کو بااختیار بنانے (ڈی ای پی ڈی) کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 80 کروڑ روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے معذور افراد کے لیے 20 نئے مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے موجود 15 مراکز کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 66 مراکز پر پک اینڈ ڈراپ سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک 12 سی آرٹس سنٹرز فعال ہو جائیں گے اور حکومت ہر ضلع میں کم از کم ایک مرکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی بحالی کے مراکز (سی آر ٹس) میں لاڑکانہ کا مرکز اسی سال افتتاح کے لیے تیار ہے جبکہ شہید بینظیر آباد مرکز میں 25 بچوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔

صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر میرپورخاص میں بھی نیا سی آر ٹس مرکز قائم کیا جائے گا۔شمولیتی تعلیم کے حوالے سے وزیر اعلی نے بتایا کہ معذور بچوں کی عام اسکولوں میں داخلے کو یقینی بنانے کے لیے ایک علیحدہ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے اور ایک خصوصی نصاب بھی تیار کیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ تقریب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یاد میں منعقد کی گئی ہے جنہوں نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری عمارتوں میں وہیل چیئر ریمپ کی سہولت موجود ہونی چاہیے اور بتایا کہ وزیر اعلی ہاس اب مکمل طور پر وہیل چیئر قابلِ رسائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ بہت کچھ کیا جا چکا ہے مگر ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ انہوں نے شراکت دار تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے خلا کو پر کیا اور ان کی مسلسل شراکت داری کو پائیدار تبدیلی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ شمولیت، رسائی اور وقار کسی کی مراعات نہیں بلکہ بنیادی حقوق ہیں۔ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک بہتر اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات