Live Updates

خیبرپختونخوا میں چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کو مؤثر بنانے کیلئے بین الصوبائی مشاورتی اجلاس کا انعقاد

اتوار 29 جون 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن (KPCPWC) کے زیر اہتمام یونیسیف کے تعاون سے ملک کی تاریخ کا پہلا دو روزہ بین الصوبائی مشاورتی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کا مقصد ملک بھر میں چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کو مضبوط بنانا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کی جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹیز اور کمیشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر سماجی بہبود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا نے 2010 میں ملک کا پہلا چائلڈ پروٹیکشن قانون متعارف کرا کر ایک نئی مثال قائم کی اور اب اس نظام کو تمام اضلاع تک وسعت دینے کا عزم رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کی افتتاحی رپورٹ (2010-2024) کا باقاعدہ اجرا کیا، جو کمیشن کی کارکردگی اور اصلاحات کا جامع احاطہ کرتی ہے۔

اس موقع پرصوبائی وزیرنے بچوں کے لیے مخصوص چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن 1121 اور سینٹر فار کنینیونگ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (C4CPD) کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کمیشن کے بجٹ میں 25 کروڑ روپے اضافے کی منظوری دی ہے جبکہ نئے مالی سال میں پانچ نئے اضلاع میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹس (DCPUs) قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈی آئی خان میں ایک ماڈل چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے لیے 12 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ C4CPD کا قیام ایک سنگ میل ہے، جو تربیت، مہارت میں بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا تاکہ چائلڈ پروٹیکشن کو صحت، تعلیم، عدلیہ اور فلاحی شعبوں کے ساتھ جوڑا جا سکے۔ اجلاس میں تمام صوبوں نے اپنے ماڈلز، تجربات اور چیلنجز کا تبادلہ کیا اور افغان پناہ گزین بچوں، بین الصوبائی ہجرت، بچوں کی سمگلنگ اور گمشدہ بچوں جیسے مسائل پر بین الصوبائی رابطہ فریم ورک کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔

یونیسیف کے نمائندے وسام حازم اور سہیل احمد نے خیبرپختونخوا میں چائلڈ پروٹیکشن کے فروغ کے لیے کمیشن کے اقدامات کو سراہا۔ اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود سید نذر حسین شاہ نے بھی شرکت کی اور بین الصوبائی اشتراک پر زور دیا۔ اختتامی کلمات میں وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ پاکستان کے ہر بچے کو محفوظ، باوقار اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات