گور نر فیصل کریم کنڈی کی سعودی سفیر سے ملاقات ،مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

امت مسلمہ کی بہبود ، ترقی کے حوالہ سے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ،امت مسلمہ کو ان پر فخر ہے ، فیصل کنڈی

پیر 30 جون 2025 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ، سعودی سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے معرکہ حق ، آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر خیبرپختونخوا کے باسیوں کی جانب سے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امت مسلمہ کی بہبود ، ترقی کے حوالہ سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا امت مسلمہ کو ان پر فخر ہے ، انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی اور امت کے لیئے قائدانہ اور مثالی کردار ادا کرنے کی سوچ کے حامل وڑن 2035 کو بھی خراج تحسین پیش کیا ، ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم خیبرپختونخوا کے باشندوں کے کردار اور انکے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، گورنر خیبرپختونخوا نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے صوبہ میں امدادی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کیا سعودی عرب کے سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے جذبات و احساسات کو سراہا انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیئے پیپلز پارٹی کے شہید بانی ذوالفقار علی بھٹو کے کردار کو اسلامی ممالک قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوات سانحہ پر گورنر سے دلی افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے بارے میں سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔